ہماری سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں، جام کمال خان

آج کوئٹہ ایک بار پھر پرامن شہر کے طور پر ابھر رہا ہے جس کا سہرا سیکیورٹی فورسز اور کوئٹہ کے عوام کے سربھی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 16 اکتوبر 2018 23:10

ہماری سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ گذشتہ سالوں کے دوران ہماری سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں جس کے نتیجے میں آج کوئٹہ ایک بار پھر پرامن شہر کے طور پر ابھر رہا ہے جس کا سہرا سیکیورٹی فورسز اور کوئٹہ کے عوام کے سربھی ہے جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشت گردی کو شکست دی، ہم نے مل کر اس امن کو دیرپا اور پائیدار بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگل اسکواڈ کے تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، صوبائی وزرا میر ظہور احمد بلیدی، عبدالخالق ہزارہ، محمد خان لہڑی، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور دیگر سول اور عسکری حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

پاسنگ آٹ پریڈ میں ایگل اسکواڈ کے تربیت مکمل کرنے والے 200 اہلکار موجود تھے، وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے پولیس او رلیویز کو جدید خطوط پر تربیت کی فراہمی کے ذریعہ اسٹرائیکنگ فورس بنانا ہے، دہشت گرد تربیت یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جانتے ہیں لہذا ہماری سیکیورٹی فورسز کو بھی ٹیکنالوجی سے لیس کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کو صحیح سمت لے جانا او رامن قائم کرکے لوگوں کے جان ومال اور روزگار کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، یہ ملک اور صوبہ ہم سب کا ہے، لہذا اسے بنانا اور سنوارنا بھی ہمارا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان آرمی کے زیراہتمام لیویز او رپولیس کے تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس سے ان کی استعداد کار ، کارکردگی اور عزم میں اضافہ ہوا ہے جس کے لئے وہ پاک فوج کے شکر گزار ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ ایگل اسکواڈ کا قیام ایک صحت مند سوچ کا عکاس ہے، فورس کے قیام سے خاص طور سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پولیس کی تمام ضروریات کو پورا کرے گی۔

قبل ازیں تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں نے دہشت گردوں سے نمٹنے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے دوران حکمت عملی کے شاندار مظاہرے پیش کئے۔ بعدازاں وزیراعلی نے تربیت کے دوران پوزیشن حاصل کرنے والے اہلکاروں میں شیلڈ تقسیم کئے۔