وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یارآفرید ی کی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے ان کے دفتر میں ملاقات

ہمیں جامعات کی مددکرکے انہیں اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ مملکت خدادپاکستان کو اس کا صحیح مقام دلانے میں کرداراداکرسکیں، وزیر مملکت شہریار آفریدی

منگل 16 اکتوبر 2018 23:10

وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یارآفرید ی کی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) گذشتہ روز وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یارآفرید ی نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے ملاقات کی اور بعدازاں انہوں نے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں طلباوطالبات خطاب بھی کیا۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں جامعات کی مددکرکے انہیں اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ مملکت خدادپاکستان کو اس کا صحیح مقام دلانے میں کرداراداکرسکیں۔

انہوں نے ملک بھر کی جامعات اور بالخصوص ملک کی سب سے بڑی جامعہ کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔طلبہ کو ملکی حالات کا اداراک ہونا چاہیئے اور ملک کی بقاء وسلامتی کے لئے اپنا کردار اداکرنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے طلباوطالبات او رنوجوانوں میں وہ جذبہ موجود ہے جو اگر بیدار ہوجائے تو ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے جذبے کو تعمیری سوچ اور مثبت طرز عمل سے فروغ دیا جائے۔

پاکستانی نوجوانوں میں اتنی صلاحیتیں موجود ہیں کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ملک کو اس گھمبیر صورتحال سے نکال سکتی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ مثبت سمت میں آگے بڑھیں اور اللہ اور اس کے رسولؐ کی تعلیمات پر یقین رکھتے ہوئے اس پر عمل پیراہوں۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان نے کہا کہ پاکستان کی طرح جامعہ کراچی کو بھی چینلجز کا سامنا ہے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ ہم ان مشکل حالات سے نبر د آزماہوسکیں گے اور جامعہ کراچی کو ایک مثالی جامعہ بنائیں گے جو ملک کی تعمیر وترقی میں بھر پور کرداراداکرے گی۔