جامعہ کراچی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پرواک کا انعقاد

منگل 16 اکتوبر 2018 23:53

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) جامعہ کراچی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پرواک کا انعقاد کیا گیاجو شعبہ اسپیشل ایجوکیشن سے شروع ہوکر ایڈمنسٹریشن بلاک پر اختتام پذیرہوئی جس میں شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کے طلبہ واساتذہ سمیت دیگرشعبہ جات کے طلباوطالبات نے بھی آنکھوں پر کالی پٹیاں باندھ کراور ہاتھوں میں سفید چھڑی لے کر بصارت سے محروم افراد سے اظہار یکجہتی اور سفید چھڑی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے شرکت کی۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پرمشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی نے کہا کہ پوری دنیا میں معذور افراد یہ ثابت کرچکے ہیں کہ وہ معاشرے کا ایک کارآمد حصہ ہیں اور دوسرے افراد کے ساتھ ملک کی معاشی اور سماجی ترقی میں اپنا کردار بخوبی اداکرسکتے ہیں بشرطیکہ ان کو مناسب مواقع فراہم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں اسپیشل ایجوکیشن کوفروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ہر بچے کے لئے تعلیم ضروری ہے اور اس کو ملنی چاہیئے، اس فلسفہ کی بنیادپر قومی پالیساں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ جامعہ کراچی کے شعبہ خصوصی تعلیم کی ڈاکٹر سائرہ سلیم نے کہا کہ نا بینا افراد سے متعلق مسائل کو معاشرے میں اجاگر کر نے کے سلسلے میں ہر سال 15 اکتوبر کو سفید چھڑی کا عالمی دن منایاجاتاہے۔ مذکورہ واک کا مقصد بصارت سے محروم افراد سے متعلق شعور و آگاہی بیدار کرنااور سفید چھڑی کی اہمیت کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنا ہے۔

سفید چھڑی کا ہاتھ میں ہونا اس بات کی علامت تصور کیا جاتا ہے کہ چھڑی کا حامل شخص بینائی سے محروم ہے، اگر کوئی ایسا شخص کسی بھی وقت خاص طور پر سڑک کے کنارے نظر آجائے تو بلاتاخیر اس کی مدد کے لئے پہنچناچاہیئے۔ علاوہ ازیں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان کی ہدایت پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جو ڈاکٹر سائرہ سلیم کی سربراہی میں جامعہ کراچی اور ملک کی دیگر جامعات کے نابینا طلباوطالبات کے مسائل کے حل کے لئے سفارشات مرتب کرے گی۔