شہبازشریف کو ٹارچر سیل میں نہیں رکھا جانا چاہئے ، محمود الرشید

شہبازشریف کا بیان حقائق کے برعکس ہے ،حکومت پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرے گی ،وزیر ہائوسنگ پنجاب کی نجی ٹی وی کو انٹرویو

منگل 16 اکتوبر 2018 23:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر ہائوسنگ محمو د الرشید نے کہاہے کہ شہبازشریف کوٹارچر سیل میں نہیں رکھا جاناچاہئے اور نیب کو اس کا جائزہ لینا چاہئے ، شہبازشریف کا بیان حقائق کے برعکس ہے ، وہ کہتے ہیں کہ میں نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی لیکن ان کی ناک کے عین نیچے اربوں روپیہ لوٹا جا تا رہا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ نیب حکومتی کنٹرول میں نہیں ہے اس کے اپنے فیصلے ہیں اور نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کا بیان حقائق کے برعکس ہے ، وہ کہتے ہیں کہ میں نے ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی لیکن ان کی ناک کے عین نیچے اربوں روپیہ لوٹا جا تا رہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوے کرنے سے میں نے ایک پائی کی کرپشن نہیں کی شہبازشریف کی جان نہیں چھوٹے گی، اس معاملے کی تحقیقات ہونگی ، البتہ شہبازشریف کوٹارچر سیل میں نہیں رکھا جاناچاہئے اور نیب کو اس کا جائزہ لینا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرے گی ، ہمارے پاس کھربوں روپے کی زمین ہے جس پر لوگوں نے قبضے کئے ہوئے ہیں ، ہم یہ زمین واگزار کروا کے ایک لینڈ بینک بنا رہے ہیں، گھر بنانے کے لئے اب تک سینکڑوں سرمایہ کار رابطہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھر بنانے کا خالی وعدہ نہیں ہے ، یہ گھر ہم فری نہیں دے رہے بلکہ یہ گھرسبسڈی پر دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوکرپٹ ہے اور جہاں بھی ہے اس کے خلاف کارروائی ہوگی ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی خوفزدہ ہوچکی ہیں ، یہ کہتے ہیں کہ گھر نہیں بنیں گے ،یہ خاطر جمع رکھیں حکومت پچاس لاکھ گھر بنائے گی۔