پاک بھارت کرکٹ سیریز بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی،

سیریز کھیلنے کیلئے بھارت سے بھیک نہیں مانگیں گے، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کروں گا، احسان مانی

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

پاک بھارت کرکٹ سیریز بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز بحالی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی، سیریز کھیلنے کیلئے بھارت سے بھیک نہیں مانگیں گے، پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کروں گا۔ کھیلوں کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ دونوں ممالک کے شائقین پاک بھارت میچز کی بحالی کے خواہاں ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے بھی اس سے بہتر کوئی راستہ نہیں، ماضی میں جب بھی بھارتی شائقین ٹیم کے ساتھ پاکستان آئے تو ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہو کر ہر کوئی خوشی خوشی سے واپس گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز سے پوری دنیا کو معاشی طور پر بھی بہت فائدہ ہوتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان میچز سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں، ہمارے لئے پیسہ اہم نہیں، ہم صرف دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کی بحالی چاہتے ہیں اور اس کیلئے ہم ہر فورم پر بھارت سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے سیریز کھیلنے کیلئے اس کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، اگر وہ کھیلنے کیلئے تیار ہے تو بتائے، اگر وہ نہیں کھیلنا چاہتے تو پھر بھی ٹھیک ہے لیکن ہم اسے مجبور نہیں کریں گے اور نہ ہی بھیک مانگیں گے۔

احسان مانی نے کہا کہ بھارت آئی سی سی اور دوسرے ٹورنامنٹس میں پاکستان کے خلاف کھیلتا ہے صرف باہمی سیریز نہیں کھیلتا ہمیں اس پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کروں گا۔