Live Updates

جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام میڈیا کی مرہون منت ہے،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:02

جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام میڈیا کی مرہون منت ہے،گورنر پنجاب ..
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل اور سیاسی استحکام میڈیا کی مرہون منت ہے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ میڈیا کی تنقید کو خندہ پیشانی سے نہ صرف قبول کیا جائے گا بلکہ اِس سے رہنمائی بھی لی جائے گی۔

اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیوز پیپرز اینڈ پری آڈیکلز ایسوسی ایشن کے 10رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے چیئرمین مدثر اقبال بٹ کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل جاوید ملک کے علاوہ خاور نعیم ہاشمی، ایثار رانا، قاضی طارق عزیز، فرحت عباس شاہ اور وزیر نصرت شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اخبارات کو اشتہارات کا اجراء خالصتاً میرٹ، شفاف اور اخبارات کی سرکولیشن کو مدِ نظر رکھ کر کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے آنے والی تجاویز لوگوں کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ افراد کے شعور میں اضافہ یقینا صحافت ہی کا مرہون منت ہے کیونکہ اہل قلم اپنی تحریروں سے عوام کی ذہنی آبیاری کرتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام تشکیل دیا جارہا ہے جس سے براہ راست لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات