وزیراعلی جام کمال خان کابلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء اور طالبات میں یوتھ موبلائزیشن مہم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

کوئٹہ۔16اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ہم اپنے طلباء وطالبات کو تمام ضروری سہولیات اور جدید علوم میں مہارت حاصل کرنے کے مواقعوں کی فراہمی کے ذریعہ ان کے اندر قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کریں گے۔ نوجوان نسل کی صلاحیتوں میںنکھار آنے سے صوبے کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی، ہم نے تعلیم کے شعبہ میں بہت کام کرنا ہے جس کے لئے طلباء اور سول سوسائٹی کی شراکت داری بھی ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء اور طالبات میں یوتھ موبلائزیشن مہم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزراء میر ظہور احمدبلیدی، سردار عبدالرحمن کھیتران، نوابزادہ طارق خان مگسی، میر عمر خان جمالی، محمد خان اتمانخیل، عبدالخالق ہزارہ، میر محمد خان لہڑی، مٹھا خان کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ ماہ جبین ،چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر نذیر اختر، سیکریٹری تعلیم عبداللہ جان بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے، بدامنی اور دیگر منفی عوامل سے سب سے زیادہ شعبہ تعلیم متاثر ہوا یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو بہتر تعلیم نہ دے سکے تاہم اب ہماری یونیورسٹیاں ترقی کررہی ہیں اور ان میں طلباء اور طالبات کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ تعلیم کے سفر میں اسکول کی سطح کو خاص اہمیت حاصل ہے اگر بچوں کی اسکولنگ بہترہوگی تو انہیں کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔

لہٰذا ہم نے سب سے پہلے پرائمری سطح کی تعلیم کو بہتر کرنا ہے انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ عملی زندگی میں آکر اسکولوں کی بہتری کے لئے بھی کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے طلباء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو کبھی بھی کسی سے کمتر نہ سمجھیں اللہ تعالیٰ نے ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خوبی رکھی ہے، اپنی اس خوبی کو تلاش کریں اور اسے استعمال کریں۔

سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں اور اپنی شخصیت کو نکھاریں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلباء کیلئے ایک بڑا مستقبل منتظر ہے اور یہی وہ موقع ہے جب وہ اپنے لئے کسی شعبہ کا انتخاب کرسکتے ہیں، اگر وہ آج صحیح فیصلہ کریں گے تو انہیں مستقبل میں پچھتانا نہیں پڑے گا، انہوں نے کہا کہ آج جو ماحول اور سہولتیں طلباء کے لئے دستیاب ہیں ماضی میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا طلباء اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔

بلوچستان کے آنے والے دور کا تعلق نوجوانوں سے ہے، انہوں نے کہا کہ انہیں صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء سے مخاطب ہونے کا موقع ملا اور اپنے نوجوانوں سے مخاطب ہونا ان کے لئے خوشی کا باعث ہوتاہے، یوتھ موبلائزیشن مہم ایک اہم اقدام ہے جس سے بلوچستان کے نوجوانوں کو دیگر صوبوں کا دورہ کرنے اور وہاں کے اساتذہ اور طلباء سے مل بیٹھنے کا موقع ملتا ہے جو سیکھنے کا عمل ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہمارے طلباء نے ان صحت مندانہ سرگرمیوں سے بہت کچھ سیکھا ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہمارے پاس ایسے ادارے موجود ہوں جو صحیح طور پر کام کررہے ہوں اور جن سے انسانی وسائل کی ترقی ہورہی ہو تو پھر بلوچستان کے آگے بڑھنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔

۔ وزیراعلیٰ نے طلباء سے کہا کہ وہ ملنے والے لیپ ٹاپ سے ریسرچ اور تحقیق کے عمل کو جاری رکھیں جس سے انہیں عملی زندگی میں مدد ملے گی۔انہوں نے یوتھ موبلائزیشن مہم کی کامیابی پر صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں اور سدرن کمانڈ کو مبارکباد پیش کی بعدازاں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء نے طلباء اور طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔