اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے،والدین اپنی ذمہ داری پوری کریں،کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے باز رکھیں،ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، خصوصی سکواڈ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات ہیں، والدین اپنی ذمہ داری پوری کریں، کم عمر بچوں کی تربیت کریں،کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے باز رکھیں، کارروائی کا بنیادی مقصد قیمتی جانوں کا تحفظ اور شہر کو حادثات سے پاک شہر بنانا ہے، آئی ٹی پی ایجوکیشن ٹیم اس ضمن میں آگاہی بھی فراہم کر رہی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے کم عمر ڈرائیورز اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جا ری ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ایس ایس پی ٹریفک نے تمام زونز کے ڈی ایس پی صاحبان کو خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے ہیں جو اسلام آباد کی مختلف اہم شاہراہوں اور چوکوں میں سپیشل ناکہ جات لگا کر کم عمر ڈرائیورز اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔

رواں سال اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 2900 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی جبکہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے والے 142800 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اس ضمن میں آئی ٹی پی ایجوکیشن ونگ ٹریفک قوانین خصوصاً بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور کم عمر ڈرائیورز کو آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں ورکشاپس اور سیمینارز منعقد کر کے طلبا و طالبات کو روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے شہریوںسے اپیل کی ہے کہ والدین اپنی ذمہ داری پوری کریں اور کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے باز رکھیں،ایس ایس پی ٹریفک نے مزید کہا کہ کاروائی کا بنیادی مقصد قیمتی جانوں کا تحفظ ہے اور اسلام آباد کو حادثات سے پاک شہر بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :