چیئرمین محمد سلیم بیگ کی زیر صدارت پیمرا کا اجلاس،سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بنائی گئی ریٹنگ ریگولیشن کا جائزہ لیا،ریٹنگ کمپنیوں کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) پیمرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اتھارٹی کا 145واں اجلاس منعقد ہوا۔ اتھارٹی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں بنائی گئی ریٹنگ ریگولیشن کا جائزہ لیا اور ٹیلیویژن ریٹنگ پوائنٹس (TRP) ریٹنگ سروس ریگولیشنز 2018 کو اتفاق رائے سے منظور کرتے ہوئے ریٹنگ کمپنیوں کو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ ریٹنگ کے طریقہ کار کو شفاف بنایا جائے ۔ پیمرا آرڈیننس 2002کی سیکشن 19کے تحت 11ستمبر 2014؁ء کو دیئے گئے اشتہارپر ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 11ستمبر 2018؁ء کوہونے والی بولی میں کامیاب قرار پانے والی کمپنیوں کو اتھارٹی نے لائسنس دینے کی منظوری دے دی۔ تاہم یہ کمپنیاں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی پابند ہوں گی ۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے میسرز وژن نیٹ ورک لمٹیڈ "GNN" لاہور اور میسرز ریڈیئنس سروسز (پرائیویٹ) لمٹیڈ کے حصص کی منتقلی اور نئے ڈئریکٹرز ذوالفقار چٹھہ اور شہریار چٹھہ کی تعیناتیوں کیلئے دی گئی درخواست بھی منظور کر لی۔ دو غیر ملکی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کیلئے میسرز ایم 3پاکستان (پرائیویٹ)لمٹیڈ کوبچوں کی کیٹیگری کیلئے "My TV" اور میسرز ٹاورسپورٹس (پرائیویٹ)لمٹیڈ کو سپورٹس کیٹیگری کیلئے "Ten Sports Two" کو لینڈنگ رائٹ پرمشن بھی دے دی۔

جبکہ میسرز نیکس لنکس نیٹ ورک پرائیویٹ لمٹیڈ کو موبائل ٹی وی (وڈیو وآڈیوکانٹینٹ پرویژن) سروس لائسنس کی منظوری بھی دی۔ اتھارٹی اجلاس چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی صدارت میں منعقد ہواجس میں محترمہ نرگس ناصر (ممبر پنجاب)، محترمہ شاہین حبیب الله(ممبر خیبرپختون خواہ)، جناب محمد نوید (چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی) اور جناب اشفاق جمانی نے شرکت کی۔