امریکا کی ایران کے خلاف نئی پابندیاں

ٹریکٹر ساز کمپنی ‘بنک اور اسٹیل کمپنی سمیت مختلف فرموں پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں.امریکی محکمہ خزانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اکتوبر 2018 08:25

امریکا کی ایران کے خلاف نئی پابندیاں
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 اکتوبر۔2018ء) امریکا کے محکمہ خزانہ نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کردی ہیں. محکمہ خزانہ نے ایران کی ایک ٹریکٹر ساز کمپنی اور ایک اسٹیل کمپنی سمیت مختلف فرموں پر نئی پابندیاںعائد کی ہیں. ان کے علاوہ ایران کے اربوں ڈالر مالیت کے حامل ایک مالیاتی نیٹ ورک پر بھی پابندیاں عاید کی گئی ہیں‘اس پر ملک کی طاقتور سپاہِ پاسداران انقلاب کے لیے بچّہ فوجیوں کو بھرتی کرنے اور انھیں عسکری تربیت دینے والی ایک پیراملٹری فورس کی حمایت کا الزام ہے.

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بنیاد تعاون بسیج نیٹ ورک ایک رضاکار پیرا ملٹری گروپ بسیج ملٹری فورس کا معاون اور مددگار ہے اور یہ فورس سپاہِ پاسداران انقلاب سے مل کر کام کرتی ہے. سیکرٹری خزانہ اسٹیون نوچین نے بتایا کہ یہ وسیع نیٹ ورک بسیج ملیشیا کی بچّہ فوجیوں کو بھرتی کرنے ، انھیں تربیت دینے اور پاسداران انقلاب کی ہدایت کے مطابق کام کرنے کے قابل بنانے کے لیے رقوم مہیا کرتا رہا ہے.

ایران کے ملت بنک پر بھی نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں‘اس بنک پر بسیج ملیشیا کے مہر اقتصاد بنک کی مدد وحمایت کا الزام ہے‘مہر اقتصاد کی ملکیتی یا اس کے کنٹرول میں فرموں پر بھی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں. امریکی انتظامیہ کے ایک اعلی عہدے دار کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے طے شدہ جوہری معاہدے کو خیرآباد کہنے کے فیصلے اور ایران کے خلاف نئی پابندیوں کے نفاذ کے بعد سے ایران کی تیل کی برآمدات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے.

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوورٹ نے کہاہے کہ امریکا ایران میں ہڑتالوں سے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لے رہا ہے. ترجمان نے کہا ہے کہ ہم قانونی مطالبات کو پر امن طریقے سے پیش کرنے کے حوالے سے ایرانی عوام کے حق کی تائید کرتے ہیں. نوورٹ نے کہا کہ یہ ہڑتالیں حکمراں نظام کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ ایران کی دولت کو بیرون ملک برباد کرنے کا سلسلہ روک دو اور اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنا شروع کرو.