پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کوخطے کے دیگر ممالک پر سبقت حاصل ،

مارکیٹنگ پر توجہ دی جائی' غیر ملکی خریداروںکی گفتگو اس طرح کے ایونٹس سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھائے جا سکتے ہیں' ڈائریکٹر ٹڈیپ نے کارپٹ کی عالمی نمائش کا افتتاح کیا عالمی نمائش کارپٹ انڈسٹری کیلئے تقویت اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گی 'عہدیداروں کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 13:33

پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کوخطے کے دیگر ممالک پر سبقت حاصل ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کو اعلیٰ معیار اور جدت کی وجہ سے خطے کے دیگر ممالک پر سبقت حاصل ہے ، پاکستانی کارپٹ کی پوری دنیا میں مانگ ہے تاہم رابطوں کے فقدان اور موثر مارکیٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے کارپٹ انڈسٹری لاکھوںڈالر کی ایکسپورٹ سے محروم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ ، برطانیہ، آسٹریلیا،چین ،ناروے سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے خریداروں اور مندوبین نے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹر ز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ نمائش میں شرکت کے موقع پر کیا ۔

تین روزہ نمائش کا افتتاح ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ناہید اختر نے کیا جبکہ اس موقع پر گروپ لیڈر عبد الطیف ملک ،چیئرمین پی سی ایم ای اے کے محمد نعیم ساجد ، نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمن ، چیئرمین کارپٹ انسٹی ٹیوٹ سعید خان ، کوارڈی نیٹر ریاض احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ٹڈیپ ناہید اختر نے کہا کہ موجودہ حالات میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا نا گزیر ہے اور ایسی نمائشیں اس میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔

ٹڈیپ کی جانب سے اس طرح کے ایونٹس کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کیا گیا ہے ۔ پاکستانی کارپٹ مصنوعات کی ایکسپورٹ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد الطیف ملک چیئرمین نعیم ساجد اورسینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمن نے کہا کہ تین روزہ عالمی نمائش نہ صرف پاکستان کی کارپٹ انڈسٹری کیلئے تقویت کا باعث بنے گی بلکہ اس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ۔

غیر ملکی خریداروں کی جانب سے نمائش میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے جس سے کارپٹ مصنوعات کے بڑے پیمانے پر سودے ہونے کا امکان ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ کارپٹ کی صنعت کا حکومت پر انحصار نہیں ، یہ پاکستان کی سب سے سستی کاروباری صنعت ہے ،اگر حکومت سرپرستی کرے تو کارپٹ انڈسٹری لاکھوں ڈالر زکما سکتی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ چین میں پاکستانی کارپٹ کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے چند سالوں میں چین پاکستان کی کارپٹ انڈسٹر ی کیلئے بڑی مارکیٹ ثابت ہوگا۔