ٹیلی نار پاکستان اور ون روک انٹرنیشنل کے مابین کاشتکاروں کی رہنمائی میں شراکت کا معاہدہ طے

12اضلاع کے کاشتکاروں کیلئے سنٹر قائم کر دیا گیا،کاشتکاروں کو لائیو ایڈوائزری سروسز فراہم کی جائینگی،ترجمان ٹیلی نار

بدھ 17 اکتوبر 2018 13:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ٹیلی نار پاکستان اور ون روک انٹرنیشنل کے مابین شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے ،ون روک انٹرنیشنل ایک سماجی شعبہ جات‘زراعت اور ماحولیات سولوشنز میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔ٹیلی نار کے ترجمان کے مطابق معاہدے کی رو سے ملک کی معروف سیلولر کمپنی ٹیلی نار زرعی سروس ’’خوشحال زمیندار ’’میں ون روک انٹرنیشنل سے شراکت داری کریگی جس میں کسانوں و کاشتکاروں کو جدید تکنیکوں اور ٹیکنالوجیز کے ذریعے پنجاب اور سند ھ کی12اضلاع میں زرعی پیداوار بڑھانے سمیت پیداوار کے بعد ہونیوالے نقصانات کو کم کرنے میں معاونت کریگی اور اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کو موبائل فون کے ذریعے فصل کی بہتر کٹائی اور لائیو ایڈوائزری سروسز فراہم کی جائینگی۔

(جاری ہے)

یہ نالج بیسڈ مہم ون روک انٹرنیشنل پاکستان کے پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی مہم کا حصہ ہے۔پاکستان ایگریکلچر ڈویلپمنٹ ٹیکنیکل ٹیم نے اس مقصد کیلئے ایک مرکز قائم کیا ہے جس میں فصل‘باغیچوں‘پلاننگ‘زہر کش ادویات کے استعمال،فصلوں کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے ‘کھادوں کے استعمال،فصل کی کٹائی کی ضروریات،بنچ مینجمنٹ ‘فلاورنگ‘پیکنگ‘انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ،مالیاتی خواندگی اور مارکیٹنگ ،بیجوں کی بوائی اور بہت سے دیگر عوامل کے بارے میں کاشتکاروں کو ترغیب ‘رہنمائی اور معلومات فراہم کی جائیگی۔یہ سنٹر 4لاکھ کاشتکاروں کو ٹیلی نار پاکستان خوشحال زمیندارکے پلیٹ فارم کے ذریعے رہنمائی فراہم کرنے پر مشتمل ہو گا۔