Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی نے ریمانڈ کے دوران ایک ملزم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی‘

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا رویہ قابل مذمت ہے، ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے کمیشن بنایا جائے، احتساب کا عمل ہمارا شروع کیا ہوا نہیں، پاکستان کا پیسہ چوری کرنے والوں کا احتساب ضرور ہوگا، انتخابات میں پی ٹی آئی جیت جائے تو دھاندلی اور مسلم لیگ (ن) جیت جائے تو وہ دھاندلی زدہ نہیں ہوتے، ہائوسنگ کا منصوبہ کم آمدنی والے لوگوں کے لئے شروع کیا، کسی حکومت نے ان لوگوں کے بارے میں نہیں سوچا جن کے پاس رہنے کے لئے چھت نہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:31

سپیکر قومی اسمبلی نے ریمانڈ کے دوران ایک ملزم کو ایوان میں بلا کر مثال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ریمانڈ کے دوران ایک ملزم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی ہے‘ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کا رویہ قابل مذمت ہے ، جس طرح دھاندلی کے خلاف کمیشن بنایا گیا اسی طرح ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے کمیشن بنایا جائے۔

وزیراعظم نے صحیح کہا تھا کہ 50 لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے ‘ وہی لوگ یہ شور مچا رہے ہیں لیکن احتساب کا عمل رکنے والا نہیں۔ جنہوں نے پاکستان کا پیسہ چوری کیا ان کا احتساب ضرور ہوگا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کے عمل سے بچنے کے لئے اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا لیکن سپیکر کی طرف سے ریمانڈ کے دوران ایک مجرم کو ایوان میں بلا کر مثال قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں پروڈکشن آرڈر جاری کر کے جیل سے لوگوں کو لایا گیا مگر ریمانڈ کے دوران کسی کو ایوان میں نہیںلایا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو ریمانڈ کے دوران ایوان میں بلانے کی حکومت نے مخالفت نہیں کی۔ احتساب کا عمل ہمارا شروع کیا ہوا نہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنی پسند کے لوگ احتساب کے لئے لگائے ہوئے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی جیت جائے تو دھاندلی اور مسلم لیگ (ن) جیت جائے تو وہ دھاندلی زدہ نہیں ہوتے۔

مرضی کے خلاف نتائج آئیں تو جمہوریت کو خطرہ ہو جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کل پنجاب اسمبلی میں جس طرح کا رویہ اپوزیشن نے اختیار کیا وہ قابل مذمت ہے۔ یہ اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے چھ اراکین اسمبلی کو ایوان سے باہر رکھنے کا آرڈر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اسمبلی میں احتساب کے لئے بحث پر تیار ہیں جس طرح انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی اسی طرح اس وقت ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے اور اس پر بحث ہونی چاہیے۔

اپنے اداروں کے خلاف ہنگامہ آرائی درست نہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گزشتہ روز آصف زرداری کراچی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ شہباز شریف لاہور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نواز شریف اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوئے۔ گزشتہ دس سالوں میں پاکستان کا جو حال کیا گیا ہے اس کے ذمہ داروں کا تعین ضروری ہے۔ پاکستان کے قومی ادارے نقصان بشمول پی آئی اے‘ ریڈیو‘ پی ٹی وی‘ ریلوے خسارے میں چل رہے ہیں۔

سوئی گیس میں 2013ء میں ایک پیسے کا خسارہ نہیں تھا جبکہ پانچ سالوں کے دوران خسارہ 157 ارب تک پہنچ گیا ہے جب اس حوالے سے بات کریں تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب سے جمہوریت کو نہیں موٹو گینگ کو خطرہ ہے۔ جتنا مرضی شور مچا لیں احتساب کا عمل نہیں رک سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے۔

سازش کرنے والوں کو جگہ نہیں مل رہی اور نہ ہی ملنی ہے۔ پاکستان کے لوگوں کے لئے خوشخبری آنے والی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سامنے نہیں آرہی۔ مسلم لیگ (ن )کے دور میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں عالمی سطح پر کم تھیں، جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو پٹرول کی قیمتیں برقرار ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے غریب طبقے پر اثر نہیں پڑے گا۔

صرف امیر ترین لوگوں پر گیس کی قیمتوں کا 143 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ باقی قیمتوں میں استحکام ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی مہنگائی کو صوبائی حکومتوں کو کنٹرول کرنا چاہیے تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہائوسنگ کا منصوبہ کم آمدنی والے لوگوں کے لئے شروع کیا ہے جبکہ بزرگوں اور متوسط طبقے کے لئے صحت کارڈ کا اجراء کیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کسی حکومت نے ان لوگوں کے بارے میں نہیں سوچا جن کے پاس رہنے کے لئے چھت نہیں۔ حکومت ان لوگوں کو شیلٹر فراہم کر رہی ہے جبکہ پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی شروع کئے جارہے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات