سلمان بٹ نے روہت شرما کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

23سنچریوں کے ساتھ مشتر کہ طور پر دوسرے کامیاب ترین پاکستانی بلے باز بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اکتوبر 2018 14:00

سلمان بٹ نے روہت شرما کا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اکتوبر 2018ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز سلمان بٹ نے لسٹ اے کرکٹ میں زیادہ سنچریاں بنانے کا بھارتی اوپننگ بلے باز روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ون ڈ ے ٹورنامنٹ میں سابق کپتان سلمان بٹ نے واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف89گیندوں پر16چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے سے121رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

یہ 34سالہ سلمان بٹ کی لسٹ اے کرکٹ میں 23ویں سنچری تھی جس کےساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنےوالے قومی بلے بازوں کی فہرست میں خرم منظور کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں اور بھارتی اوپنرروہت شرماکا زیادہ لسٹ اے سنچریوں کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ اوپنر سلمان بٹ اب تک 198لسٹ اے میچز کی196اننگز میں 46.28 کی اوسط سے8285رنز سکور کرچکے ہیں جس میں23سنچریاں اور45نصف سنچریاں شامل ہیں۔

لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور26سنچریوں کےساتھ سب سے زیاد ہ سینکڑے سکور کرنےوالے ملکی بلے باز ہیں۔ ٹیسٹ اوپنر خرم منظور23سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں سلمان بٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں ،قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازکامران اکمل نے 21سنچریوں کےساتھ تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈمین ظہیر عباس19سنچریاں سکور کرکے چوتھے جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی اور بابر اعظم18، 18سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ17سنچریوں کے ساتھ چھٹے ،ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد ،سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل راﺅنڈر شعیب ملک 16،16سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر ساتویں اور سابق کپتان محمد یوسف اور رمیز راجہ15، 15لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پرآٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔