Live Updates

یہ تاثر غلط ہے کہ کرکٹ بورڈ وزیراعظم عمران خان چلا رہے ہیں ،ْچیئرمین پی سی بی

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:44

یہ تاثر غلط ہے کہ کرکٹ بورڈ وزیراعظم عمران خان چلا رہے ہیں ،ْچیئرمین ..
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو وزیراعظم عمران خان چلا رہے ہیں۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے جب احسان مانی دن میڈیا باکس میں آئے تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف 36 ماہ کیلئے پی سی بی کے چیئرمین بنے ہیں ،ْبطور وزیراعظم عمران خان بورڈ کے پیٹرن ضرور ہیں تاہم وہ ان کے کام میں ہرگز مداخلت نہیں کرتے۔

احسان مانی نے کہا کہ میڈیا میں بہت کچھ آتا ہے لیکن سب سچ نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک خبر آسٹریلیا کے آئندہ سال پاکستان آکر ون ڈے کھیلنے سے متعلق بھی ہے جس میں کوئی صداقت نہیں اگرچہ ہم بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کیلئے کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے کچھ مقابلے پاکستان میں ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ بورڈ کے بہت سارے معاملات پر پالیسیوں کے بارے میں انھیں وضاحت درکار ہے، جو انھیں وقتاً فوقتاً ملتی رہی ہے۔احسان مانی کے مطابق پاکستان میں کرکٹ کے معاملات کے لیے ایک کمیٹی ہونی چاہیے، جو سلیکشن کمیٹی اور ٹیم سے متعلق اہم باتوں پر رائے دے گی۔اس سوال کے جواب میں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ منصور رانا کس طرح قومی ٹیم کے اسسٹنٹ مینجر بن گئے اور سلیکٹر توصیف احمد کیوں اے ٹیم کے مینجر بن کر دبئی میں موجود ہیں چیئرمین پی سی بی نے جواب دیا کہ مستقبل میں کرکٹ کمیٹی ایسے معاملات کو دیکھے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مکی آرتھر کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ ڈریسنگ روم کی باتوں میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، تاہم اس بارے میں انہوں نے کوچ مکی آرتھر سے بات کی ہے اور اب سارے معاملات درست انداز میں چل رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات