کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ ،پی سی بی ،ڈی جی امیگریشن سے 26 نومبر کو جواب طلب

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:50

کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وزارت داخلہ ،پاکستان کرکٹ بورڈ اور ڈی جی امیگریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو جواب طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر سماعت کی ۔شرجیل خان کی جانب سے درخواست میں پی سی بی، وزارت داخلہ اور ایف آئی جی کو فریق بنایا گیا ۔

شرجیل خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار ایک بین الاقوامی کرکٹر ہے، وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل کررکھا ہے ،ای سی ایل میں نام شامل ہونے کی وجہ سے درخواست گزار عمرہ کرنے اور دبئی میں بھائی سے ملاقات نہیں کر سکا۔

(جاری ہے)

معزز عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔

وکیل نے بتایا کہ عدالت اس سے قبل سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر محمد عرفان اور شاہزیب حسن کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے چکی ہے جبکہ درخواست گزار شرجیل خان کو سعودی عرب روانگی سے قبل کراچی ائیر پورٹ پر روکا گیا ۔اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار شرجیل خان خود کہاں ہیں ۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ کرکٹر شرجیل خان کراچی میں ہیں ۔جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ روکا کراچی ائیر پورٹ پر گیا اور آپ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔

وکیل نے بتایا کہ پی سی بی کا ہیڈ آفس لاہور میں ہے اور شرجیل خان کے خلاف تمام کارروائی بھی لاہور میں ہوئی ۔جس پر عدالت نے درخواست پر وزارت داخلہ ،پاکستان کرکٹ بورڈ اور ڈی جی امیگریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو جواب طلب کر لیا ۔