سبزیوں کی کاشت سے قبل کھیتوں میں گوبر کی گلی سڑی کھادڈالنے کی ہدایت

بدھ 17 اکتوبر 2018 16:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ سبزیوں کی منافع بخش کاشت میں دیسی کھادیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لہٰذا کاشتکار سبزیوں کی کاشت سے قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد کھیتوں میں ضرور ڈالیں تاکہ زمین کو زرخیز بنانے میں مدد مل سکے نیز زمین کے کیمیائی تجزیے کے بعد کھیتوں میں اجزائے صغیرہ اور کبیرہ کی صحیح مقدار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت استعمال کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے۔

علاوہ ازیں سبزیوں کی کاشت کیلئے چونکہ عام فصلات کی نسبت زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے زمین کا انتخاب کرتے وقت ایسی زمین کا چنائو کیا جائے جس میں پانی جذب کرنے کی زیادہ صلاحیت موجود ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کاشتکار زمین کی تیاری پر بھر پور توجہ دیں اور اسے نرم و ہموار کرنے کے بعد اس میں اچھا معیاری نسل کا صاف ستھر ا، جڑی بوٹیوں سے پاک بہترین روئیدگی کا حامل بیج درست شرح میں استعمال کریں تاکہ بروقت اور بہترین پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ بعض سبزیوں کا بیج مختصر عرصے میں ہی خراب ہو جاتاہے اس لئے بیج خریدتے وقت اس بات کا بھی یقین کر لیا جائے کہ بیج کی روئیدگی 80فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت میں جہاں کھاد و بیج کا استعمال خاص اہمیت رکھتا ہے وہیں وقت کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہے اس لئے سبزیوں کی کاشت علاقائی موسم کے مطابق محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے کی جائے تاکہ بعد میں کاشتکاروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :