بہاولپور نے گریڈ ون این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی جیت لی، محمد راشد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

بدھ 17 اکتوبر 2018 16:52

بہاولپور نے گریڈ ون این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی جیت لی، محمد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) بہاولپور نے گریڈ ون این بی پی ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی جیت لی، فاتح ٹیم نے اسلام آباد کو 34 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، محمد راشد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو لاہور جمخانہ کرکٹ گرائونڈ باغ جناح گرائونڈ پر کھیلے گئے فائنل میں بہاولپور بلائنڈ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے، محمد راشد 54 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، انیس جاوید اور محمد اوسامہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں اسلام آباد بلائنڈ ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 171 رنز بنا سکی، انیس جاوید کی 62 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، ساجد نواز نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسپیشل ایجوکیشن پنجاب کے وزیر چوہدری اخلاق، این بی پی کے سینئر نائب صدر چوہدری ذوالفقار، پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ، پی بی سی سی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سید سلمان بخاری، پی بی سی سی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بلال ستی اختتامی تقریب کے موقع پر موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔