اسلام آباد ،اسلامی یونیورسٹی میں درس و تدریس میں جدت کے موضوع پربین الاقوامی کانفرنس

بدھ 17 اکتوبر 2018 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام’’ درس و تدریس میں جدت‘‘کے عنوان پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس یہاں جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میںبدھ کے روز شروع ہوئی جس میں نصاب اور اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں جدت جیسے موضوعات پر آسٹریلیا، برطانیہ، بلجیم، امریکہ کے ماہرین سمیت ملکی سکالرزو ماہرین 170 سے زائد مقالات پیش کر رہے ہیں۔

شرکاء کانفرنس نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تکنیکی جدت اور تعلیم کا باہمی امتزاج ناگزیر ہے اور بہتیرن تعلیمی اسلوب کے ذریعے طلباء وطالبات کو علیحدہ اور نئے خیالات کے حوالے سے سوچنے کے رویوں کی طرف لانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر محمود الحسن بٹ تھے جن کا کہنا تھا کہ تعلیم میں جدت سے مراد نئے نتائج کی طرف آنا اور ا سے ترقی یافتہ بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں اسلامی احیائے علوم اور تعلیم کے میدان میں مسلم سکالرز کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ کانفرنس سے جامعہ کے قائمقام صدر ڈاکٹر محمد منیر نے بھی خطاب کیا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ یہاں موجود دنیا کے بہترین ماہرین تعلیم سے استفادہ کریں اور تجربات کے تبادلہ کو فروغ دیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمینہ ملک، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد تعلیم کے عالمی حصول کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال اور رائج جدت کے پہلوؤں پر بحث اور مستقبل کے لائحہ عمل پر گفتگو کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں کچھ نیا کرنے کی خو پیدا کرنا استاد کا کام ہے اور یہی جدت ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف ٹیکنالوجی کا استعمال جدت نہیں بلکہ کچھ نیا لانے کے لیے اپنی جملہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا بھی لازم ہے ۔ کانفرنس کے مہتمم اور فاصلاتی تعلیم کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر نبی بخش جمانی نے استقبالیہ خطبہ دیا اور جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازین جامعہ کے میل او فیمیل کیمپس کے شعبہ تعلیم کے سربراہان ڈاکٹر منیر کیانی اور ڈاکٹر شمسہ عزیز نے شعبہ جات کی خدمات ، کامیابیوں اور کانفرنس کے مقاصد بارے گفتگو کی۔ کانفرنس آج جمعرات کے روز اختتام پزیر ہو گی جبکہ ماہرین آج جدید تعلیمی اسالیب، تعلیم کی بین الاقوامیت اور جدید ٹیکنالوجی کے تعلیم پر اثرات جیسے موضوعات پر اپنے مقالات پیش کریں گے۔