نیب انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا ،میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے ‘جاوید اقبال

چیئرمین نیب کا مجاہد کامران کیخلاف کیس میں نئی انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا حکم ، کیس آفیسر کو معطل کر دیا ، اے ایس پی کی بھی معطلی کی سفارش

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:16

نیب انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا ،میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر اساتذہ کے خلاف کیس میں نئی انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا جبکہ اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے پر کیس آفیسر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رفیق کو معطل کر دیا جبکہ اے ایس آئی مختار احمد کو بھی فوری معطل کرنے کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو سفارش کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بدھ کے روز نیب لاہور آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میگا کرپشن کے مقدمات اور نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

نیب کسی سے انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا ،تمام شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

چیئرمین نیب نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران اور دیگر اساتذہ کو احتساب عدالت میں ہتھکڑیاں لگانے کے واقعے پر کیس آفیسر ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد رفیق کو معطل کر دیا جبکہ پنجاب پولیس کے اے ایس آئی مختار احمد کو بھی فوری معطل کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو سفارش کی ہے ۔ چیئرمین نیب نے مجاہد کامران کے کیس کی نئی انکوائری ٹیم تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ۔

بعد ازاں چیئرمین نیب نے پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز کے ایک وفد اور سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کے ساتھ ملاقات کی اور وفد کی باتوں کو انتہائی توجہ سے سننے کے ساتھ انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی ۔پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسرز کے وفد کی جانب سے چیئرمین نیب کے اقدامات کو سراہا گیا اور اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ڈی جی نیب لاہور کے خلاف چلائی گئی مہم پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے ، پروفیسر حضرات اور اساتذہ سے بدعنوانی کے خاتمے میں یونیورسٹی اور کالجز کے طلباء کو بد عنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کریں کیونکہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی مستقبل میں ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔