صوبے کے تمام تھانوں میں تعینات انسپکٹرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ کورس کروایا جائے گا ‘امجد جاوید سلیمی

فورس کی ویلفیئراور استعداد کار بڑھانے سمیت دیگر مسائل کے ازالے کیلئے صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر ویلفیئر برانچز کو مزیدفعال کیا جائے صوبے کی تمام ریجنز میں پولیس ملازمین اور شہدا ء کے بچوں کیلئے سکول بنائے جائینگے صحت عامہ کے مسائل کے حل کیلئے ہیلتھ کارڈ اور انشورنش بھی مہیا کی جائے گی ‘آئی جی پنجاب

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:21

صوبے کے تمام تھانوں میں تعینات انسپکٹرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ بہترین ماحول اور اچھے رویے کے ذریعے سے سروس ڈلیوری میں بہتری لاتے ہوئے شہریوںکی جان و مال کا تحفظ اور عوامی خدمت پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام افسران و اہلکار عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیتے ہوئے محکمے کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث بنیں اور عوام کے ساتھ ہتک آمیز رویہ ، یا طاقت کا غیر ضروری استعمال قطعی برداشت نہیںکیا جائے گا ،پولیس ریفارمز کا مقصدفورس کے رویے میں مثبت تبدیلی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی بہترین خدمت کے ساتھ ساتھ خود کو سمارٹ پولیسنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے چنانچہ سینئر افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کے ساتھ بہترین پیشہ ورانہ تعلق کو یقینی بنائیں تاکہ ماتحت اہلکاربھی عوام کے ساتھ احسن انداز میں پیش آئیں ،انٹرنل اکائونٹیبلٹی یونٹ کو مضبوط بنیادوں پر فعال بناتے ہوئے کرپشن ، اختیارات کے غلط استعمال اور پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت سمیت دیگر غلطیوں کا ارتکاب کرنے والے افسران واہلکاروں کے ساتھ سختی سے پیش آیا جائے گا اورخود احتسابی کے سخت نظام سے پولیس ورکنگ میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میںمنعقد ہونے والے پولیس دربار کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع کے 721تھانوں سے آئے انسپکٹرزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دربار میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین اور ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر سمیت سی پی او کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کی ہفتہ وار چھٹی کوہر صورت یقینی بنائیں جبکہ جنوبی پنجاب کے دور افتادہ اضلاع کے افسران اور اہلکاروں کے مسائل کے فوری ازالے کیلئے ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پندرہ روز بعد دیگرسینئر افسران کے ساتھ ملتان میں بیٹھا کریں گے تاکہ اہلکاروں کو انکوائریز کیلئے لاہورنہ آناپڑے اورفورس کے مسائل انکی دہلیز پر ہی حل ہوجائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران واہلکاروں کیلئے ویلفیئر کائونٹرز بنائے جائیں تاکہ انہیں اور انکے اہلخانہ کو تعلیم اور صحت کی سہولیات بہتر انداز میں مہیاکی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام تھانوں میں تعینات انسپکٹرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے نہ صرف انہیں ایک روزہ ریفریشر ٹریننگ کورس کروایا جائے گا بلکہ دیگر ممالک میں ہونے والے ٹریننگ کورسز میںانکی شمولیت کو کوٹے کی بنیاد پریقینی بنایا جائے گا ۔

آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے تمام انسپکٹرز کو اپنی سہولت کے مطابق تعیناتی کیلئے تین تجاویز دینے کا کہا تاکہ انہیں گھر کے قریبی جگہوں پر تعینات کیا جاسکے اور وہ یکسو پر پیشہ ورانہ فرائض ادا کرسکیں۔آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے انسپکٹرز کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ بحیثت سربراہ پنجاب پولیس، فورس کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی تمام ریجنز میں پولیس ملازمین اور شہدا ء کے بچوں کیلئے سکول بنائے جائیں گے جبکہ انکی صحت عامہ کے مسائل کے حل کیلئے ہیلتھ کارڈ اور انشورنش بھی مہیا کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فورس کی ویلفیئراور استعداد کار بڑھانے سمیت دیگر مسائل کے فوری ازالے کیلئے صوبہ بھر میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر ویلفیئر برانچز کو مزیدفعال کیا جائے گا اورجو افسران اپنے ماتحت اہلکاروں کی اے سی آرز بروقت مکمل نہیں کرتے ایسے افسران کی اے سی آرز پرپروموشن آرڈرز نہیں کئے جائیں گے ۔

انہوں نے انسپکٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں میں آنے والے عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے ساتھ ساتھ ایف آئی آر کے اندراج میں ہرگزتاخیر نہ برتی جائے اور شہریوں کے ساتھ برا رویہ روا رکھنے اور تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ملازمین کو ذاتی رہائش فراہم کرنے کیلئے تمام اضلاع میں پولیس لائنز سمیت دیگر جگہوں پر رہائشی کالونیز کی تعمیرکے حوالے سے کاوشیں جاری ہیں جبکہ اہلکاروں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام پولیس لائنز میں آراو پلانٹس کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

آئی جی پنجاب نے تمام انسپکٹرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہرقسم کے دبائو سے آزاد ہوکر میرٹ کی پاسداری کرتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ماتحت تمام افسران واہلکاروں سے بھی ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروائیں ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ سروس پوری کرنے والے ہر افسرو اہلکار کی ریٹائرمنٹ سے تین ماہ قبل اسکے کاغذات کی تکمیل کا کام شروع کیا جائے تاکہ انہیں پنشن سمیت اپنے دیگر واجبات کے حصول کیلئے انتظار نہ کرنا پڑے جبکہ ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کو باعزت انداز میں دفاتر سے رخصت کیاجائے ۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ تھانوں میں سہولیات جیسا کہ پینے کا پانی ، واش روم وغیرہ کی فراہمی کیلئے ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ فنڈز کا استعمال کیا جائے گا ،انہوں نے مزید کہا کہ سینئرا فسران تھانوں میں پی ٹی اور پریڈ کی روایت کو دوبارہ شروع کروائیں جبکہ صوبے کی تمام ریجنز اور اضلاع میں بھی پولیس درباروں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔