جنوری 2017 کے بعد پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،2019تک زیرو کیس کا ہدف حاصل کرلینگے ‘یاسمین راشد

پاکستان کو پولیو زدہ ممالک کی فہرست سے نکالنے کیلئے ہم سب کو مشنری جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا،حساس قرار دیے گئے اضلاع میں معمول سے ہٹ کر بھی مہم چلائی جائے‘صوبائی وزیر صحت

بدھ 17 اکتوبر 2018 18:42

جنوری 2017 کے بعد پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،2019تک زیرو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ جنوری 2017 کے بعد پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا،2019تک زیرو کیس کا ہدف حاصل کرلیں گے۔ وہ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں جس میں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی، سیکرٹری ہوم، سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر نے نے شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔

وزیر صحت نے حالیہ برسوں میں چلائی گئی انسداد پولیو مہم کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو فری پاکستان کی منزل زیادہ دور کی بات نہیں۔ کسی بھی علاقے سے پولیو وائرس کا کوئی کیس رپورٹ ہونے سے دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو پولیو زدہ ممالک کی فہرست سے نکالنے کیلئے ہم سب کو مشنری جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

ضرور اس امر کی ہے کہ حساس قرار دیے گئے اضلاع میں معمول سے ہٹ کر بھی مہم چلائی جائے۔ ڈی جی ہیلیھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد کی بریفنگ کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے زور دیا کہ مظفر گڑھ، ڈی جی خان اور راجن پور کے اضلاع پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔ موسم بدلنے کے ساتھ کئی علاقوں میں نقل مکانی ہوتی ہے۔ اس تناظر میں ایسے خاندانوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو کی ہر مہم میں محکمہ صحت سے قریبی رابطہ رکھیں اور اپنے اضلاع میں پولیو سے آگاہی کے پروگراموں کا بھی مسلسل انعقاد کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے غیر سرکاری تنظیموں اور رضاکاروں کو بھی متحرک رکھنا ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے سختی سے ہدایت کی کہ 27 اکتوبر تک جاری انسداد خسرہ مہم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے اور فیلڈ ٹیموں کی سپاٹ چیکنگ اور یومیہ جائزہ اجلاس کے انعقاد میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔ سیکرٹری ہیلتھ ثاقب ظفر نے اجلاس کو انسداد پولیو پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ نومبر میں ایک بار پھر انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔