فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور برطانیہ کے ریونیو و کسٹمز کے ادارہ کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:28

فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور برطانیہ کے ریونیو و کسٹمز کے ادارہ کے درمیان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور برطانیہ کے ریونیو و کسٹمز کے ادارہ ایچ ایم آر سی کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا۔ اس سمجھوتہ کا مقصد پاکستان کے ٹیکس وصولی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے اور یہ برطانیہ کی جانب سے بین الاقوامی ترقی کے محکمہ کے ذریعے پاکستان میں ٹیکس اصلاحات میں معاونت فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت عالمی بینک کے ٹرسٹ فنڈ برائے نمو و اصلاحات کے ذریعے تکنیکی معاونت کی فراہمی بھی شامل ہے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے موقع پر ایف بی آر کے چیئرمین محمد جہانزیب نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کو بڑھانے کیلئے حکومتی کوششوں میں برطانیہ کی جانب سے شہریوں پر مرکوز سرکاری شعبہ کی خدمات کی فراہمی کے ایجنڈا کیلئے بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سمجھوتہ سے پاکستان کو مطلوبہ مقاصد کے حصول کی جانب بڑھنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمہ ڈی ایف آئی ڈی پاکستان کے سربراہ جونا ریڈ نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کی جانب سے ٹیکس چوری پر قابو پانے کی کوششوں میں تعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ایف بی آر کے ساتھ تعاون پاکستان میں ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ اس ایم او یو کے تحت ٹیکس نیٹ سے باہر صاحب ثروت لوگوں کی نشاندہی اور ان تک رسائی آسان ہو گی۔