Live Updates

کراچی میں آنے والے وقت میں پانی کا ٹینکر 50 ہزار روپے میں بھی مشکل سے میسر ہوگا،سید مصطفی کمال

وفاقی حکومت نے کراچی میں پانی کے منصوبے کے 4 کے لئے مزید رقم دینے سے انکار کر دیاہے ،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

بدھ 17 اکتوبر 2018 19:52

کراچی میں آنے والے وقت میں پانی کا ٹینکر 50 ہزار روپے میں بھی مشکل سے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) ہزارہ برادری کے عمائدین کی جانب سے پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کے اعزاز میں عید گاہ گراونڈ ھزارہ کالونی میں دعوت حلیم کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل صرف اور صرف پاک سر زمین پارٹی کے پاس ہے کیونکہ انہوں نے اپنی راتیں خراب کرکے یہاں کے لوگوں کی صبح بہتر بنانے کے لیے اپنے دورہ نظامت میں عملی جدوجہد کی ہے جس کا اعتراف کراچی سمیت پاکستان کا ہر شہری کرتا ہے۔

اسی لیے ہمارا ایک نمائندہ بھی اگر قومی اسمبلی میں منتخب ہوتا ہے تو ہم حکومت کو کراچی کے مسائل اور ان کے حل میں اپنا تعاون فراہم کرینگے تاکہ کراچی کی روشنیاں پھر سے بحال ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ نظامت میں پانی کی فراہمی کا منصوبہ کے 3 مکمل کیا گیا اور کراچی میں آئندہ آنے والے سالوں میں پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسی وقت کے 4 پر فوری پیش رفت کی گئی جس کی لاگت اس وقت 12 ارب ڈالر تھی جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زمے آدھی آدھی تھی لیکن فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے وہ اس پر کام کا باقائدہ آغاز نہیں کرا سکے اور پھر اس پروجیکٹ کی لاگت ان کے جانے کے بعد بڑھا کر 24 اور پھر 36 ارب ڈالر کر دی گئی اور اب عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد انکے دورہ کراچی میں انہیں اس پروجیکٹ پر بریفنگ میں اس کی قیمت 81 ارب ڈالر بتائی گئی جس پر وفاقی حکومت نے پیسے دینے سے انکار کر دیا۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں جو ٹینکر عوام کو چار سے پانچ ہزار روپے کا مل رہا ہے وہ آئندہ آنے والے وقتوں میں 40 سے 50 ہزار روپے کا بھی مشکل سے میسر ہوگا کیونکہ کراچی میں پانی کی فراہمی پر قلت آب کے باوجود کسی منصوبے پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کو کراچی کے حقیقی مسائل اور ان کا حل بتا کر کامیابی حاصل کرنے اور عوام سے کیئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

اس موقع پر امیدوار برائے حلقہ این اے 247 ارشد وہرا، پی ایس 111 ڈاکٹر یاسر، میڈیا نمائندگان بھی انکے ہمراہ موجود تھے جہاں عمائدین ہزارہ برادری نے سید مصطفیٰ کمال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کراچی میں بھائی چارے کے فروغ اور امن و امان کی بحالی کے لیے انکے کردار کو سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات