Live Updates

امپورٹڈ گاڑیوں کے رجسٹریشن ٹیکس کی شرح میں کمی کردی گئی ‘حافظ ممتاز احمد

رجسٹریشن کے لئے دوسرے صوبوں میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہو گی ‘صوبائی وزیر ایکسائز

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:24

امپورٹڈ گاڑیوں کے رجسٹریشن ٹیکس کی شرح میں کمی کردی گئی ‘حافظ ممتاز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) امپورٹڈ گاڑیوں کے رجسٹریشن ٹیکس کی شرح میں کمی کر دی گئی،اب رجسٹریشن کے لئے دوسرے صوبوں میں جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہو گی ،پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ نئے پاکستان کی تعمیر میں ایک اہم قدم ثابت ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار وزیر برائے ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد عوام کے لئے سہولیات پیدا کرنا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دورِ حکومت میں دیکھا گیا کہ لوگ لگژری /امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے دوسرے صوبوں کا رُخ کرتے تھے اور اس سے صوبے کے محصولات ٹوکن ٹیکس میں کمی پیدا ہو رہی تھی ۔

(جاری ہے)

اس لئے حکومت پنجاب نے امپورٹڈ گاڑیوں پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1301سی سی سے 1500 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن ٹیکس کی شرح جو کہ 70000تھی اس کو کم کر کے صرف 15000روپے مقرر کر دی گئی ہے ۔ اسی طرح 1501 سی سی سے 2000سی سی تک کی رجسٹریشن فیس 150000 سے صرف 25000، 2001 سی سی سے 2500 سی سی کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 2لاکھ سے 1لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

اس فیصلے سے اگلے مرحلے میں قانونی مہم کا موثر نفاذ ہو گا ۔ اور اس طرح کی گاڑیوں کو پورے پنجاب میں چیک کر کے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تقریباً 10 سالوں سے لائف ٹائم ٹوکن میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا ۔ اس سلسلے میں لائف ٹائم ٹوکن کی فیس میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔ موٹر بائیک کی فیس 1200 سے 1500 روپے جبکہ 1000سی سی تک کی گاڑیوں پر 5000روپے اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائف ٹائم ٹوکن کی فیس میںکافی عرصہ سے اضافہ نہیں کیا گیا تھا جبکہ جو گاڑی آج سے دس سال پہلے 4 لاکھ کی تھی وہ 8 لاکھ روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔اس لئے لائف ٹائم ٹوکن کی فیس میں تھوڑا سا اضافہ کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات