چکوال اور گجرات میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، چوہدری پرویز الہی

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:31

چکوال اور گجرات میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، چوہدری پرویز الہی
رینالہ خورد۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی و مرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الہی نے کہاہے کہ عوام کے ساتھ محبت اور احترام کے رشتہ کی بدولت چکوال اور گجرات میں ہمارے خاندان کو ناقابل تسخیر کامیابی حاصل ہوئی، عوامی فلاحی اور خدمت کا جو مشن 2007 سے جہاں چھوڑا تھا اب وہیں سے شروع کریں گے ، سر سبز، خوشحال، ترقی یافتہ، صحت مند اور تعلیم یافتہ پنجاب ہمارے اتحاد کی منزل ہے، چکوال اور گجرات میں کامیابی پوری مسلم لیگ کی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک حق نواز سنگلہ، میاں عبدالرشید بوٹی، شاہد بیگ چوہدری عرفان احسان، تنویر شاہ ایڈووکیٹ، قمر بندیشہ اور دیگر سے ملنے والے اوکاڑہ کے وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نو منتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری مونس الہی، ذوالفقار پپن اور ملک فراز اعوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ ن لیگ نے 10 سال میں پنجاب کا انفراسٹرکچر تباہ کیا اورصو بہ کو اربوں روپے کا مقروض کر دیا ہے، ن لیگ کی سستی روٹی، آشیانہ سکیم، دانش سکول اور پیلی ٹیکسی سمیٹ تمام منصوبہ جات کرپشن کی وجہ سے فلاپ ان کی حکومت میں ہی بند ہو گئے جب کہ ہمارے دور 2002 سے 2007 تک کے منصوبے تاحال عوام کو ریلیف پہنچا رہے ہیں، 1122سمیت تمام منصوبوں سے امیر و غریب استفادہ حاصل کر رہیں ہیں، انہوں نے مزید کہاکہ عوام نے اس ضمنی انتخابات میں جس جوش و جذبہ کا اظہار ہماری جماعت کے ساتھ کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی اورہم بھی اس جذبہ کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، اس موقع پر تمام شرکاء نے چوہدری پرویز الہی کو مونس الہی کی تاریخ ساز فتح پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی چوہدری مونس الہی بطور رکن قومی اسمبلی عوام کے لئے چوہدری ظہور الہی شہید کے مشن کو رول ماڈل بنا کر اسمبلی میں ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں گے۔