گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی صدارت میں ایپکس کمیٹی کااجلاس

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:13

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی صدارت میں ایپکس کمیٹی کااجلاس
پشاور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ایپکس کمیٹی صوبہ خیبرپختونخوا کااجلاس گورنر ہاوس پشاور میں گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان،کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل نذیر احمدبٹ اورچیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نویدکامران بلوچ سمیت اعلی سول وملٹری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا اورقبائلی اضلاع میں امن ومان کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا سکندرقیوم نے فاٹا انضمام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اوراختیار کردہ میکینزم سے متعلق اجلاس کوتفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کوعبوری گورننس آرڈر2018ء سے متعلق سیکرٹری ہوم اکرام اللہ نے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

قبائلی اضلاع کوپولیس کی توسیع،لیویز اور خاصہ دار فورس کوپولیس میں ضم کرکے ان کی ٹریننگ ،نیزمزید فورس کی بھرتی کے حوالے سے آئی جی پی صلاح الدین خان نے تفصیل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

صوبائی سیکرٹری فنانس شکیل قادر خان نے قبائلی اضلاع کے مالی معاملات سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے اجلاس کوتفصیل بتائی۔اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کوتسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید استحکام کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فاٹا انضمام کے تناظر میں قبائلی اضلاع کی ترقی اوران علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے قبائلی عوام کی عزت ووقار اورسم ورواج کے مطابق آگے بڑھانے کیلئے تیزتر اقدامات پر زوردیا گیا۔

بعدازاں گورنرہاؤس پشاور میں قبائلی اضلاع کے نمائندہ زعماء و مشران کے ایک بڑے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ قبائلی علاقوں میں تمام تر امور کی انجام دہی اور اقدامات کے حوالے سے قبائلی اضلاع کے عوام کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے۔ بحیثیت قبائلی جو مراعات ان علاقوں کے عوام کو انضمام سے قبل حاصل تھیں وہ بحال رہیں گے۔ گورنرنے کہاکہ قبائلی علاقوں میں موجود معدنی وسائل ان علاقوں کی ترقی کیلئے بروئے کارلایاجائیگا اور قبائلی نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنایاجائیگا۔