روٹ پورا نہ کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں، سواریوں سے بدتمیزی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید موئثر بنایا جائے، ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشیدکی ہدایت

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہا ہے کہ روٹ پورا نہ کرنے والی پبلک سروس گاڑیوں، سواریوں سے بدتمیزی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کو مزید بہتر بنایا جائے، پی ایس وی گاڑیوں میں خواتین کیلئے مقرر کردہ سیٹ پر مرد حضرات اور گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانے پر سخت کارروائی کی جائے، تمام زونل انچارج اپنے اپنے زونز میں کارروائی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس شب و روز ممکنہ اقدامات کر رہی ہے جس کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے خصوصی سکوا ڈ تشکیل دیئے گئے ہیں اور تما م زونل انچارج ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایسی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے جو شہریوں کے ساتھ بدتمیزی کے مرتکب ہوں، بغیر روٹ پرمٹ چل رہی ہوں، چھتوں پر سواریاں بٹھانے والی اور خواتین کیلئے مقرر کردہ سیٹ پر مرد حضرات یا گنجائش سے زیادہ سواریاں بٹھانا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے رواں سال 216507 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ کارروائی کیلئے سپیشل سکواڈ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات ہیں اور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزری کرنے والی پی ایس وی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔ ایس پی ٹریفک چوہدری ارشد محمود سپیشل سکواڈز کی خصوصی نگرانی کر رہے ہیں ،ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے کہاہے کہ ایک سے زائد دفعہ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے پر گاڑی کا روٹ پرمٹ کینسل کر نے کی سفارش کی جائے گی ،کاروائی کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے، شہریوں کی جانب سے زائد کرایہ کے متعلق شکایات کے ازالہ کیلئے ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامہ آویزاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ کرایہ کی وصولی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، شہری زائد کرایہ یا دیگر شکایات سے متعلق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915,،،،،0519261992-93 پر درج کرا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :