کینیڈا میں ایک صدی بعد بھنگ کی پیدوار اور خریدو فرخت کی اجازت دے دی گئی

کینیڈا کے جنوبی جزیدے نیوفاؤنڈلینڈ کے باسی بھنگ خریدنے کیلئے آدھی رات کو لمبی قطار لگائے کھڑے رہے

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:34

ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) کینیڈا نے تقریباً ایک صدی بعد ‘بھنگ‘ کی پیداوار اور خرید وفروخت پر عائد پابندی اٹھالی جس کے بعد وہ دنیا کا دوسرا ملک بن گیا جہاں بھنگ کا محدود استعمال قانونی دائرے میں آگیا۔بی بی سی میں شائع رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے جنوبی جزیدے نیوفاؤنڈلینڈ کے باسی بھنگ خریدنے کے لیے آدھی رات کو لمبی قطار لگائے کھڑے رہے۔

واضح رہے کہ یوراگوئے پہلا ملک ہے جہاں بھنگ کی خرید و فروخت کو قانونی حیثیت حاصل ہے ،ْکینیڈا میں 2001 سے طبی مقاصد کے لیے بھنگ کا استعمال قانونی دائرے میں شامل ہے۔اس ضمن میں ایک کروڑ گھروں میں نئے قانون سے متعلق معلومات ارسال کی جا چکی ہیں اورآگاہی مہم بھی جاری ہے۔خیال رہے کہ کینیڈا سمیت دیگر مغربی ممالک میں شراب یا منشیات کا استعمال کرکے گاڑی چلنے سے سالانہ ہزاروں جان لیوا واقعات پیش آتے ہیں تاہم کینیڈا میں بھنگ کو قانونی دائرے میں شامل کرنے سے ٹریفک حادثات میں اضافے کا اندیشہ ہے۔

(جاری ہے)

رات 2 بجے بھنگ خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے ایک شخص نے بتایا کہ وہ ‘اس تاریخی فیصلے کا حصہ بننے کے لیے مغربی صوبے سے نیوفاؤنڈلینڈ پہنچا ۔ان کا کہناتھا کہ یہ میرا خواب تھا کہ میں قانونی طور پر فروخت ہونے والی بھنگ کا پہلا خریداربنو اور دیکھیں میں یہاں موجود ہوں۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ کینیڈا کے متعدد صوبوں اور میونسپلٹز کئی مہینوں سے بھنگ کی فروخت پر عائد پابندی کو ختم کرنے کیلئے تیاری کررہے تھے۔

بعض ناقدین کے مطابق کینیڈا کی جانب سے مذکورہ فیصلہ ملک بھر میں دیگر منشیات پر عائد پابندیوں کے تناظر میں کئی مسائل کے آغاز بن سکتا ہے۔متعدد ماہرین نے کہا کہ پہلے سال میں بھنگ کی طلب اور رسد میں فرق نظر آئیگا تاہم اس کی نشونما اور فروخت کے لیے لائسنس کا اجزاء ہونے کے بعد طلب پوری ہو سکے گی ،ْاس حوالے سے بتایا گیا کہ کینیڈا کا کثیرنفوس پر مشتمل صوبہ اونٹاریو میں اگلے موسم بہار میں ریٹیل اسٹور کھل جائیں گے جہاں سے لوگ آن لائن بھنگ آرڈر کر سکیں گے۔