Live Updates

حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے سرمائے کا بندوبست کر لیا

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 20 مالیاتی طو رپر مضبوط بینکوں کا کنسورشیم تشکیل دینے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اکتوبر 2018 20:00

حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے سرمائے کا بندوبست کر لیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-17 اکتوبر 2018ء) حکومت نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے سرمائے کا بندوبست کر لیا، حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 20 مالیاتی طو رپر مضبوط بینکوں کا کنسورشیم تشکیل دینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے 20 مالیاتی طو رپر مضبوط بینکوں کا کنسورشیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طو رپر ان بینکوں نے ہائوسنگ فنانس کیلئے مالیاتی وسائل فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاہم گھروں کی تعمیر کیلئے فراہم کئے جانیوالے قرضوں پر شرح سود کو عام آدمی کی برداشت میں رکھنے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس رواں ماہ میں متوقع ہے جس میں تمام بینکوں کے سربراہان ، گورنر اسٹیٹ بینک کے ہمراہ شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے مالیاتی وسائل فراہم کرنے کیلئے حکومت نے اسٹیٹ بینک سے کہا ہے کہ 20 ایسے بینکوں کا کنسورشیم تشکیل دیا جائے جو مالیاتی طورپر مستحکم ہوں۔ اسٹیٹ بینک نے اس حوالے سے کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھروں کی تعمیر کیلئے وسائل فراہم کرنے کے عوض سرکاری اراضی اس وقت تک رہن رکھنے کی تجویز زیر غور ہے جب تک گھر خریدنے والا تمام اقساط ادا نہیں کر دیتا۔

زمین رہن رکھ کر قرض فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت حکومت بینک اور صارفین تینوں کو فائد ہ ہو گا جبکہ بینکوں کے قرضے ڈوبنے کے امکانا ت بھی کم ہونگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طو پر گورنر اسٹیٹ بینک مستحکم بینکوں کا کنسورشیم تشکیل دینے کے بعد رواں ماہ کے آخر تک تمام بینک سربراہوں کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کرینگے جس میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تجاویز رکھی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سستے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے کم شر ح سود بھی تجاویز میں شامل ہے۔ اس وقت ملک بھر میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 21 لاکھ 92 ہزار 414 گھر موجود ہیں جبکہ تحریک انصاف کی حکومت آئندہ پانچ سالوں میں 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم مالیاتی وسائل کی فراہمی حکومت کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے جس کیلئے مستحکم بینکوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات