Live Updates

وزیراعظم کا نیوز پرنٹ پر 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان

حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، میڈیاکی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے ، ملکی اقتصادی مسائل کے سبب میڈیا کو بھی مسائل ہیں،مسائل پر جلد قابو پالیاجائے گا،عمران خان کی پی بی اے ، سی پی این ای اور اے پی این ایس کے فود کو یقینی دہانی

بدھ 17 اکتوبر 2018 21:49

وزیراعظم کا نیوز پرنٹ پر 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے نیوز پرنٹ پر 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، میڈیاکی مثبت تنقید کا خیر مقدم کریں گے ، ملکی اقتصادی مسائل کے سبب میڈیا کو بھی مسائل ہیں،مسائل پر جلد قابو پالیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی بی اے، سی پی این ای، اے پی این ایس کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا ۔

وفد میں صحافتی اداروں کے مالکان اور نمائندگان عارف نظامی، ضیا شاہد سمیت دیگر نے شرکت کی جبکہ حکومتی نمائندوں میں سے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر ریلوے شیخ رشید، افتخار دورانی اور فیصل جاوید شریک ہوئے ۔ملاقات کے دوران میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مختلف امور پر بات چیت کی گئی اس کے علاوہ میڈیا انڈسٹری کے درپیش جیلنجز اور مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے میڈیا انڈسٹری کی مشکلات حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اخبارات کے نیوز پرنٹ پر 5فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ابھی بھی پرامید ہوں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کچھ دوست ملکوں سے بات چیت چل رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت تعلیم ، صحت اور ثقافت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہمارے سخت فیصلوں کے باعث 6ماہ میں تبدیلی نظر آگئی اور اس کی ایک جھلک یہ ہے کہ 128اکاؤنٹ ایسے پکڑے جن میں اربوں کی ٹرانزیکشن کی گئی اور یہ اکاؤنٹ ریڑھی والے، طلبا اور رکشہ والوں کے نام پر تھے۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ عام آدمی کی مشکلات کم ہوں اور پی ٹی آئی حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے تاہم ملکی اقتصادی مسائل کے سبب میڈیا کو بھی مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم میڈیا کو سپورٹ کر یں گے اور توقع ہے کہ بہت جلد ملک اور میڈیا کو درپیش مسائل پر قابو پالیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا سمیت تمام حلقوں کی جانب سے حکومت پر مثبت تنقید کا خیر مقدم کر ینگے اور مجھے امید ہے میڈیا بھی ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے گا۔ وزیراعظم مزید کہا کہ میری اور پی ٹی آئی کی میابی کی وجہ بھی میڈیا ہے۔۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات