ورلڈ بینک کی جانب سے ترقیاتی امور کیلئے پروگرام کا آغاز خوش آئند اقدام ہے، میونسپل کمشنر بلدیہ غربی عمران اسلم

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:01

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) بلدیہ غربی میں موجود عوامی مسائل کے حل اور مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے عمل میں ورلڈ بینک کی جانب سے ترقیاتی امور کیلئے پروگرام کا آغاز خوش آئند اقدام ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار میونسپل کمشنر بلدیہ غربی عمران اسلم نے بلدیہ غربی کے مرکزی دفتر میں ورلڈ بینک کے آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ورلڈ بینک کے نمائندہ وفد نے بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ورلڈ بینک کی جانب سے دیئے جانے والے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ غربی کو کراچی کا سب سے بڑا ضلع ہونے کا اعزاز حاصل ہے مگر دیگر اضلاع کے مقابلے سہولیات کے حوالے سے بہت پیچھے ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ایشیاء کی سب سے بڑی کچی آبادی بھی موجود ہے اور یہاں آباد عوام کی اکثریت غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھتی ہے اسی وجہ سے ورلڈ بینک نے بلدیہ غربی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرکے یہاں مختلف اسکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں نکاسی و فراہمی آب ،سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر ، تعلیم، صحت اور مفاد عامہ کیلئے دیگر کام بھی شامل ہیں۔

اس موقع پرمیونسپل کمشنر نے ورلڈ بینک کی جانب سے بلدیہ غربی کو ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دیہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بلدیہ غربی کی جانب سے ورلڈ بینک کو بلدیہ غربی میں تعمیر و ترقی کیلئے کرائے جانے والے کاموں میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔