پیمرا کا نیوز چینلز کو جرائم ، تشدد اور جنسی استحصال کی خبروں پر کوڈآف کنڈکٹ کے مطابق احتیاط برتنے کا ہدایت نامہ

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:14

پیمرا کا نیوز چینلز کو جرائم ، تشدد اور جنسی استحصال کی خبروں پر کوڈآف ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پیمرا نے تمام نیوز اور کرنٹ افیئرز چینلز کو ایک بار بھر باور کراتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جرائم تشدد، جنسی استحصال ، دہشتگردی، اغواء اور قدرتی آفات سے متعلق خبریں نشر کرتے ہوئے میڈیا اقداراور ضابطہٴ اخلاق کی مکمل پاسداری کرے اور خبروں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے سے گریز کرے۔

اس سلسلے میں اتھارٹی نے گزشتہ ماہ جاری کردہ تنبیہہ جس میں چینلز کو الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق2015؁ء پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا کہاگیا تھاکے حوالے سے خاص طور پر ان تمام شقوں پر عملدرآمد یقینی بنائے جانے کی ہدایت کی ہے جن کا تعلق جرائم تشدد، جنسی استحصال ، دہشتگردی، اغواء اور قدرتی آفات سے ہے۔ پیمرا کے مطابق متعدد ہدایات اور نوٹسزکے باوجود اتھارٹی کو عوام سے شکایات موصول ہو رہی ہیں جس میںکہا گیا ہے کہ نیوز چینلز پرغیر ضروری طور پر جرائم کی خبروں کی تشہیر جرم اور مجرم دونوں کو ترویج دینے کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذاتمام سیٹلائٹ چینلز کو ایک بار پھر تنبیہہ کی جاتی ہے کہ جرائم تشدد، جنسی استحصال ، دہشتگردی، اغواء اور قدرتی آفات جیسے موضوعات پر رپورٹنگ پر احتیاط برتی جائے اور ان موضوعات پر خبروں کو بار بار بلیٹین میں یا بریکنگ نیوز کے طور پر شامل نہ کیا جائے۔تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا ضابطہٴ اخلاق2015؁ء پر سختی سے عملدرآمد کریں ۔ خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا قانونی کاروائی عمل میں لانے کا مجاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :