عدالت عالیہ کے حکم پر چکلالہ کنٹونمنٹ نے ناجائزتجاوزات کا صفایا کردیا

پولیس کیساتھ مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دورانپہلے مرحلے میں راولپنڈی کے کئی علاقوں کی250 سے زائد پکی تجاوزات مسمار کی گئیں،دوبارہ تجاوزات کی کوشش کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج کرائیں جائیں گے دوسرے مرحلے میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قابضین کیخلاف بھرپور کارروائی کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی محکمہ اوقاف کی جانب سے بھی 50کروڑ روپے مالیت کا رقبہ واہ گزار کرا لیا گیا ، اسسٹنٹ کمشنر مسز نعیم افضل نے متعدد کونوٹسز جاری کر کے سات یوم کے اندر جگہ خالی کرنے کا حکم دیدیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2018ء) عدالت عالیہ راولپنڈی کے احکامات پر چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے سٹی ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ مشترکہ آپریشن کے دوران ٹاہلی موہری چوک ،ڈھیری چوک اور غوثیہ چوک کے علاقوں کے تجارتی مراکز میں 250سے زائد پکی تجاوزات مسمار کر دیں ،دوکان کے شڑ کے باہر بنائے گئے ٹھیے ،ریڑھیاں اور دیگر تجاوزات کے سامان کے متعدد ٹرک قبضے میں لے گئے ہیں،تجاوزات کے خلاف علی الصبح شروع کیا گیا آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا ،دوکانوں کے باہر بنائے گئے غیر قانونی ریمپس بھی توڑے گئے ہیں ،دوسرے مرحلے میں سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قابضین کے خلاف بھرپور کارروائی کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ،آپریشن مکمل ہونے والے علاقوں اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،دوسری مرتبہ تجاوزات کے مرتکب دوکانداروں یا ریڑھیاں لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائیں جائیں گے ،آپریشن سے قبل نوٹسز کے اجراپر 20سے 30فیصد دوکانداروں نے رضا کارانہ طور پر تجاوزات خود بھی ختم کر لیں تھیں،محکمہ اوقاف کی جانب سے بھی 50کروڑ روپے مالیت کا رقبہ واہ گزار کرا لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنیچ کے فاضل جج کے احکامات کے روشنی میں چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر اسحاق ملک کی خصوصی ہدایات پر بدھ کو چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ انسداد تجاوزات کے سپریٹنڈنٹ یاسر جنجوعہ کی نگرانی میں چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ کے خصوصی سکواڈ جس میں چکلالہ کینٹ کے لینڈ سپریٹنڈنٹ شبیر اعوان ،بلڈنگ انسپکٹروں نے ٹریفک پولیس ،ضلعی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ٹاہلی موہری ،ڈھیری چوک اور غوثیہ چوک کے علاقوں میں صبح سویرے آپریشن شروع کیا گیا ۔

آپریشن کے لئے بھاری مشنری اور ڈمپرز بھی ساتھ رکھے گئے ،پکی تجاوزات مسمار کرنے کے بعد صفائی کو یقینی بنانے کے لئے ملبہ بھی ساتھ ساتھ اٹھایا گیا ،تجاوات کے خاتمے کے لئے دوسرے مرحلے میں طارق آباد ،لالکڑتی ،22نمبر چونگی ،دھمیال روڈ ،ہارلے سٹریٹ ،جھنڈا چیچی ، ٹیپو روڈ ،شاہ بی بی روڈ ، سکیم تھری (کمرشل مارکیٹ)،بوستان خان روڈ ، اڈیالہ روڈ ،کالٹیکس روڈ پر مرحلہ وار آپریشنز کیے جائیں گے ۔

تجاوازت کے خلاف آپریشن سے 72گھنٹے قبل تمام دوکانداروں کے بذریعہ نوٹس تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔نوٹسز کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالت عالیہ راولپنڈ کے حکم آگاہ کیا جاتا ہے وہ تمام دوکاندار اپنا سامان دوکان کے شٹر کے اندر محدود رکھیں ،دوکان کے شٹر کے باہر کی اشیاتجاوزات میں شامل ہونگی ،اسی طرح دوکان کے برامدے ،فٹ پاتھ ،پبلک روڈ اور سرکاری زمین پر بھی سامان رکھنا غیر قانونی اور تجاوزات کے زمرے میں آتا ہے ۔

چکلالہ کینٹ کے تمام بازاروں میں کئی بھی ریڑی بان ،چھابہ فروش یا کسی بھی قسم کا ٹھیہ لگا کر اشیافروخت کرنا بھی تجاوزات میں شامل ہیں ،ایسا کرنے والوں کا سامان ضبط اور بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا ۔تمام دوکانداروں کو ہدایت دی جاتی ہے وہ تین یوم کے اندر اندر اپنا سامان اپنی حدود میں لے جائیں بصورت دیگر ادارہ آپریشن کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائے گا ۔

چکلالہ کینٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے انہی ہدایات کی تحریر پر مشتمل بینرز بھی تمام بازاروں میں آویزاں کر دیئے گئے ہیں ۔چکلالہ کنٹونمنٹ کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کے بعد سرکاری اراضی پر غیر قانونی قابضین کے خلاف بھی اسی طرح بھرپور آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیتی سرکاری زمین پر قبضہ واگذار کرایا جائے گا اس حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ۔

معلومات کے مطابق ناجائز قبضہ متروکہ وقف املاک کے خسرہ نمبر 223 ڈھوک الہی بخش میں چار کنال آٹھ مرحلے پر جن کی مالیت پچاس کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے اسسٹنٹ کمشنر مسز نعیم افضل نے گزشتہ روز متعدد رقبہ واہ گزار جبکہ متعدد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سات یوم کے انداز خالی کرانے کا حکم دیا ہے بصورت دیگر قیمتی و دیگر عمارات کو واہ گزار کرالیا جائے گا۔