Live Updates

تحریک انصاف کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ عوام نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، وفاقی وزیردفاع پرویزخٹک

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:59

تحریک انصاف کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ عوام نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، ..
نوشہرہ۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی سے ثابت ہوگیا کہ عوام نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں اور فرسودہ ،کرپٹ اور مفاد پرست سیاست دانوں سے بے زار ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کریں گے۔ ڈالر کی اونچی اڑان اور بیرونی قرضوں کا دبائو سابقہ حکومتوں کاکارنامہ ہے۔

جنھوں نے اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کے لیے ٓائی ایم ایف سے قرضے لئے اور ملک کو معاشی لحاظ سے گنگال کردیا۔ ستر سالوںکا گند صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ عوام مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعظم عمران خان کا ضرور ساتھ دیں گے۔ عوام کو ایک سال کے اندر اندر نظام میں واضح تبدیلی محسوس ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پرویز خان خٹک نے مانکی شریف میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، نو منتخب ممبران صوبائی اسمبلی لیاقت خان خٹک اور ابراہیم خٹک بھی موجود تھے۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ پی کے 64 میں لیاقت خان خٹک کی ضمنی انتخابات میں کامیابی میں ملک اسد خان ، ملک ماجد، ڈاکٹر عرفان سمیت ہزاروں سیاسی کارکنوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اور پارٹی کے لیے شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔

اسی طرح پی کے 61 میں ابراہیم خٹک کی کامیابی اے این پی کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی پرویز احمد خان، ضلعی کونسلر جلال خان ان کی پورے گروپ اور گلریز حکیم خان، عاطف خٹک ، تحصیل کونسلر ریاض خان کی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی نے ثابت کردیا کہ عوام تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

نظام کی تبدیلی کے لیے جو آواز عمران نے اٹھائی تھی وہ موقع اب اگیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ ستر سال سے اس ملک کوجس بے دردی سے لوٹا گیا اور ملکی دولت بیرون ممالک بینکوں میں منتقل کی گئیں۔ اس کی وجہ سے آج غریب عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اور مہنگائی کا ایک طوفان عوام پر ان پڑا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ضلع نوشہرہ کے تمام عوام اور تحریک انصاف کے کارکنوںنے نوشہرہ میں تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا اس کے لیے میںنوشہرہ کے عوام کو خراج عقید ت پیش کرتا ہوں۔

تحریک انصاف کے خلاف اتحاد بنانے والوں کو اپنی شکست کا اندازہ ہو گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آج پاکستان دینا میں ایک باعزت ملک بن کرابھرا ہے۔ بیرون ممالک پاکستان کو اہمیت دینے لگے ہیں۔ اور پاکستان دینا میں وہ مقام حاصل کرلے گا جس کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے خواب دیکھا تھا۔ میں ان تمام لوگوں اور تنظیمی عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں جنھوں نے ضمنی انتخابات کی کامیابی میں اپنا کردار اداکیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات