پہلی مزانسی سپر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ پلیئرز ڈرافٹنگ، جوزی سٹارز کا کرس گیل اور ڈربن ہیٹ کا راشد خان سے معاہدہ،

واحد پاکستانی کھلاڑی آصف علی کیپ ٹائون بلٹز کی نمائندگی کریں گے

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:09

پہلی مزانسی سپر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ پلیئرز ڈرافٹنگ، جوزی سٹارز کا کرس ..
کیپ ٹائون۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) کرکٹ سائوتھ افریقہ کے زیر اہتمام پہلی مزانسی سپر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ پلیئرز ڈرافٹنگ ہو گئی، جوزی سٹارز نے کرس گیل اور ڈربن ہیٹ نے راشد خان سے معاہدہ کر لیا، واحد پاکستانی کھلاڑی آصف علی کیپ ٹائون بلٹز کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ایونٹ 16نومبر سے 16 دسمبر تک کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی جن میں جوزی سٹارز، ڈربن ہیٹ، کیپ ٹائون بلٹز، نیلسن منڈیلا بیجائنٹس، پارل راکس اور ٹشوان سپارٹنز شامل ہیں۔

بدھ کو پہلی مزانسی سپر ٹی ٹونٹی لیگ کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوئی جس میں چھ مارکیو انٹرنیشنل کھلاڑیوں سمیت کئی دوسرے مقامی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوئی، ڈربن ہیٹ نے مارکیو انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں سے افغانی سپنر راشد خان کا انتخاب کیا، جوزی سٹارز نے کرس گیل، پارل راکس نے ڈیوائن براوو، کیپ ٹائون بلٹرز نے ڈیوڈ میلان، ٹشوان سپارٹنز نے ایوان مورگن اور نیلسن منڈیلا بیجائنٹس نے جیسن روئے کی خدمات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

فرنچائزز نے مقامی اور انٹرنیشنل مارکیو کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے بعد 16 رکنی سکواڈ میں سے دیگر 14 کھلاڑیوں کا چنائو بھی کیا، آصف علی واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جن سے کسی فرنچائز سے معاہدہ کیا ہے، وہ لیگ میں کیپ ٹائون بلٹز کی نمائندگی کریں گے۔