سندھ میں انٹائٹلمنٹ کے خلاف گاڑی الاٹ نہ کرنے اور غیر مجاز افسران سے گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:09

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) حکومت سندھ کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی تفصیلات کے حوالے سے قائم کردہ سندھ کابینہ کی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی افسر کو انٹائٹلمنٹentitlement کے خلاف گاڑی الاٹ نہ کی جائے، غیر مجاز افسران سے گاڑیاں واپس لی جائیں اور گاڑی واپس نہ کئے جانے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس بات کا فیصلہ بدھ کو صوبائی وزیر برائے معدنیات ومعدنی ترقی میر شبیر علی بجارانی کی صدارت میں نیو سندھ سیکریٹریٹ کراچی میں لگژری گاڑیوں کی تفصیلات کے حوالے سے قائم کردہ سندھ کابینہ کی کمیٹی کے منعقد ہ اجلاس میں ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین صوبائی وزیر بلدیات،پبلک ہیلتھ انجیئنرنگ،دیہی ترقی اور کچی آبادی سعید غنی، وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس مکیش کمار چاولہ کے علاوہ وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون و اینٹی کرپشن اور اطلاعات و آرکائیوز مرتضی وہاب نے خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی کے دیگر اراکین سیکریٹری جنرل ایڈ منسٹریشن سندھ عبدالوہاب سومرو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں گاڑیوں کی ان ٹائٹلمنٹ entitlement پالیسی پر نظر ثانی کرنے اور نظر ثانی شدہ پالیسی کو منظوری کے بعد سپریم کورٹ میں پیش کئے جانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔ اجلاس میں ہدایات دیں گئیں کہ معزز عدالت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کیاجائے۔