کے الیکٹرک مرمت کے نام پر لوڈشیڈنگ کر رہی ہے، حافظ نعیم

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نیکہا ہے کہ دن کے اوقات میں سخت گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ نے کراچی کے عوام کو بدستور اذیت اور کرب سے دوچار کیا ہوا ہے، کے الیکٹرک طویل لوڈشیڈنگ کو لوڈمینجمنٹ اور لوکل فالٹس کا نام دے کر عوام کو مسلسل بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے، وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور نیپرا کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے اور کے الیکٹرک کے خلاف کاروائی کر نے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہیں اور کوئی عوام کی دادرسی کر نے والا نہیں، حکومتی پارٹیاں اور ان کے منتخب نمائندوں نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور عوام کو کے الیکٹرک کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور درپردہ کے الیکٹرک کی حمایت اور سر پرستی کی جارہی ہے، بعض علاقوں میں مرمت کے نام پر صبح سے شام تک بجلی بند کر کے عوام کو مسلسل تنگ کیا جارہا ہے۔