افغانستان کے عام انتخابات میں پچیس سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں

جمعرات 18 اکتوبر 2018 10:10

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) افغانستان میں 20 اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات میں 25 سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں سے بہت سے افراد پہلی مرتبہ سیاسی میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔ ملک کے کئی علاقوں میں ان امیدواروں کے پوسٹر دیواروں، کھمبوں اور ریستورانوں میں نظر آ رہے ہیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ ووٹروں کی حمایت حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

ایوان زیریں کی249 نشستوں کے لیے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے افغان عوام سے مالی بدعنوانی کو ختم کرنے اور سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے وعدے کیے ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق افغانستان میں صوبائی اسمبلیوں کا رکن بننا معاشی طور پر بھی کافی فائدہ مند ہے۔ صوبائی اسمبلی کے ایک ممبر کو ماہانہ لگ بھگ 2600 ڈالر تنخواہ ملتی ہے۔ سکیورٹی اور دیگر اخراجات کے لیے بھی رقم دی جاتی ہے۔ اور جیل میں قید کی استثنیٰ بھی بہت سے افراد کے لیے باعث کشش ہے۔امیدواروں سے متعلق خبروں میں ایک دلچسپ خبر ایک قیدی سے متعلق ہے۔ ایک امیدوار جو مغربی صوبے فرح کی جیل میں دو سال قید کی سزا بھگت رہا ہے، اسے امید ہے کہ وہ کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔