Live Updates

وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا

10 نکاتی ایجنڈے پر غور. وزیر اعظم وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 18 اکتوبر 2018 11:46

وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 اکتوبر۔2018ء) وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا. وزیر اعظم نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے.تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا.

عمران خان نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی کہ بتایا جائے 60 دن میں وزرا نے کیا کیا ؟وزیر اعظم نے وزرا سے آئندہ 40 روز کا پلان بھی مانگ لیا ہے. اجلاس میں گنے کی کرشنگ 15 نومبر سے شروع کرنے کی منظور دی گئی جبکہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی گئی.

(جاری ہے)

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس منسوخی کے نوٹیفکیشن کی واپسی کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی.

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ کو آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا. زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے اتھارٹی کے چیئرمین کی تعیناتی اور ایل این جی ٹرمینلز پر بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ تھی. وفاقی کابینہ نے غیر ملکی دوروں کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لیا جبکہ سی پیک سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے فیصلوں اور ای سی سی کے مختلف فیصلوں کی توثیق بھی کی.

اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا. کراچی کی ٹرانسفارمیشن کے لیے اعلی سطح کمیٹی کا قیام ایجنڈے میں شامل رہا.یاد رہے کہ چند روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی.

معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالر تک کا قرض لے سکتا ہے، گزشتہ پروگرام کا حجم 6 ارب 40 کروڑ ڈالر تھا. ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پروگرام کے لیے 20 شرائط حکومت کے سامنے رکھی ہیں جن میں سرفہرست روپے کی قدر میں کمی اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ہے. دوسری جانب برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان کے آئی ایم ایف سے ممکنہ گریز کی ایک وجہ سعودی دولت پر انحصار ہوسکتا ہے، اس مقصد کے لیے پاکستان سعودی وفد سے ملاقات کر رہا ہے اور ان سے توانائی کے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے بھی بات چیت ہورہی ہے.

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات