ابو ظہبی:سفاک بھائی نے بہن پر چاقو کے 80وار کر کے اُسے موت کی نیند سُلا دیا

مقتولہ بہن نے برسوں سے بے روزگار بھائی کا خرچہ اُٹھا رکھا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 18 اکتوبر 2018 12:17

ابو ظہبی:سفاک بھائی نے بہن پر چاقو کے 80وار کر کے اُسے موت کی نیند سُلا ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2018ء) ابو ظہبی میں ایک انتہائی لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے جس میں نوجوان بھائی نے اپنی بہن کو چاقو کے ایک دو نہیں بلکہ پُورے 80 وار کر کے انتہائی بے دردی سے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔اس خُونی واردات نے اہلِ علاقہ پر خوف و ہراس طاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرب خاتون اپنے بچے کے ساتھ ابو ظہبی کے ایک فلیٹ میں مقیم تھی۔

اُس نے برسوں سے اپنے بے روزگار بھائی پر ترس کھاتے ہوئے اُسے بھی اپنے ساتھ ہی رکھا تھا اور اُس کے کھانے پینے کا خرچہ بھی اُٹھا رکھا تھا۔ ابتدائی دِنوں میں اُن کی والدہ بھی ساتھ ہی رہتی تھیں مگر بعد میں وہ اپنے آبائی وطن لوٹ گئی۔ نوجوان بھائی کوئی نوکری کرنے کی بجائے سارا دِن گھر میں مفت کی روٹیاں توڑتا رہتا۔

(جاری ہے)

وقوعے سے کچھ روز قبل بھائی نے اپنے بڑی بہن کے ساتھ اس شُبہے پر تلخ کلامی شروع کر دی کہ اُس کے کسی کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں۔

وقوعے کے روز بھی دونوں بہن بھائی میں اس بات پر شدید جھگڑا ہو گیا، جس پر نوجوان نے اشتعال میں آ کر اپنی بہن کو چاقو کے درجنوں وار کر کے خالقِ حقیقی کے پاس پہنچا دیا۔ اس کے بعد ملزم نے پولیس کو خود ہی اطلاع کر کے اس واردات کی اطلاع دی۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو ارادی قتل کے جُرم میں سخت سزا سُنا دی گئی ہے تاہم ملزم کی والدہ نے عدالت سے وقت طلب کیا ہے تاکہ وہ اپنے دیگر بچوں کو راضی کر سکے کہ وہ خون بہا کی رقم لے کر ملزم کو معاف کر دیں۔

والدہ نے عدالت میں یہ موقف بھی اختیار کیا ہے کہ اُس کے بیٹے کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی، جس کے باعث اُس سے یہ گھناؤنی حرکت زد ہو گئی۔واردات کے حوالے سے محلّے داروں کا کہنا تھا کہ اُنہیں اس بات پر تعجب ہے کہ کوئی اپنی سگی بہن پر چاقو کے 80 وار کس طرح کر سکتا ہے، یہ سفاک شخص شیطانی ارادوں کا حامل معلوم ہوتا ہے، ایسے شخص کو کسی صورت معاف نہیں کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :