پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کی برطانیہ کا تاریخی اسٹیڈیم خریدنے سے معذرت

انگلش فٹبال کے ذریعے لوگوں کو قریب لانا چاہتے ہوں، ایسوسی ایشن کے اندرونی اختلافات کی وجہ سے فی الحال اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت خواہ ہوں ،ْشاہد خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 13:42

پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان کی برطانیہ کا تاریخی اسٹیڈیم خریدنے ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی تاجر شاہد خان نے انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کے اندرونی اختلافات کے بعد تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت کرلی۔لندن کے تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری کیلئے شاہد خان نے 600 ملین پاؤنڈ کی آفر کی تھی ،ْ فٹبال ایسوسی ایشن اور شاہد خان کے درمیان 900 ملین پاؤنڈ پر معاملات طے پاگئے تھے۔

بعض حلقوں نے اسٹیڈیم کی فروخت پر فٹبال ایسوسی ایشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ایسوسی ایشن کے بعض افراد بھی اسٹیڈیم کی فروخت پر تقسیم کا شکار تھے۔فٹبال ایسوسی ایشن کی گورننگ کونسل کی گزشتہ ہفتے ہونے والی میٹنگ کے بعد شاہد خان نے اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت کی ،ْمیٹنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسٹیڈیم کی فروخت کا کلی اختیار فٹبال ایسوسی ایشن کے پاس نہیں اور اسٹیڈیم کی جو قیمت لگائی گئی اس پر اسے فروخت نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انگلش فٹبال ایسوسی ایشن کی گورننگ باڈی نے ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری کے معاملے میں منظم کرپشن کی تحقیقات بھی شروع کر رکھی ہے۔فٹبال ایسوسی ایشن کے سینئر حکام اسٹیڈیم کی خریداری کے بعد حاصل ہونے والی رقم کو نچلی سطح پر فٹبال پر لگانا چاہتے تھے۔دوسری جانب شاہد خان کا کہنا ہے کہ وہ انگلش فٹبال کے ذریعے لوگوں کو قریب لانا چاہتے ہیں نہ کہ ان میں دوریاں پیدا کریں اور فی الحال اسٹیڈیم کی خریداری سے معذرت چاہتا ہوں۔

شاہد خان نے عزم کا اظہار کیا کہ فٹبال ایسوسی ایشن جب اسٹیڈیم کی فروخت پر متفق ہوجائے گی تو اس کی نئی قیمت لگائی جائے گی، ویمبلے اسٹیڈیم قومی خزانہ ہے اور اس کا احترام کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم کو برطانیہ میں تاریخی حیثیت حاصل ہے جہاں 1920 سے میچز کھیلے جارہے ہیں اور اس کی فروخت کی خبریں آنے کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔

شاہد خان کا تعلق لاہور کے مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور اٴْن کی والدہ ریاضی کی پروفیسر تھیں۔شاہد خان 1967 میں 16 سال کی عمر میں امریکا گئے جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ہوٹل پر ملازمت بھی کی اور ساتھ ہی یو آئی یو سی کالج آف انجینئرنگ سے بی ایس انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔شاہد خان نے 1991 میں امریکا کی شہریت حاصل کی اور انہیں 1999 میں میکینکل سائنس اینڈ انجینئرنگ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

شاہد خان گاڑیوں کے پرزے بنانے والی کمپنی فلیکس این گیٹ کے مالک ہیں اس کے علاوہ وہ نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) میں جیکسن ویلے جاگور اور برطانیہ کی فٹبال لیگ چمپئن شپ میں فلہام ایف سی ٹیم کے مالک ہیں۔اگست 2017 میں شاہد خان کے اثاثوں کی مالیت 8.7 بلین ڈالر تھی اور فاربز نے امریکا کے 400 امیر ترین افراد نے انہیں 70ویں درجے پر رکھا تھا جب کہ شاہد خان دنیا کے امیر ترین افراد میں 158واں نمبر رکھتے ہیں۔