گورو نانک دیوجی کے جنم دن پر دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد پہلے سے زیادہ متوقع ہے ‘ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کی زیر صدارت اجلاس

سکھ یاتری21نومبر کو بھار ت سے خصوصی ٹرین کے ذریعے لاہور آئینگے ،فول پروف سکیورٹی کیلئے پولیس ،رینجرز اہلکاریاتریوں کے ہمراہ ہونگے

جمعرات 18 اکتوبر 2018 13:50

گورو نانک دیوجی کے جنم دن پر دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد پہلے سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) سکھ مذہب کے بانی با با گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے انتظامی اجلاس سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طارق وزیر کے زیر صدارت 9کورٹ سٹریٹ میں منعقد ہواجس میںڈپٹی سیکرٹر ی عمران گوندل ، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس، پی آراو عامر حسین ہاشمی سمیت امور داخلہ،خارجہ، پولیس، فوج، رینجرز، مختلف اضلاع کے ڈی سی او، ڈی پی او، واپڈا، کسٹمز،ریلوے ،امیگریشن اور دیگر اہم اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

سیکرٹری بورڈ بتایا کہ اس مرتبہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد پہلے سے زیادہ متوقع ہے اس سلسلہ میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گورو داروں کو سجا یا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ سکھ یاتریوں کی رہائش ،میڈیکل اور کھانے پینے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں ،تمام گورو دوارو ں اور ٹھہرنے کی جگہ پر ڈینگی اسپرے کروایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

فول پروف سکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز اہلکاریاتریوں کے ہمراہ ہوں گے ۔وفاقی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی اور دیکھ بھال میں کوئی کمی نہ ہو گی ہم ایسے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں نیک نامی اور عزت و وقار میں اضافہ ہوا ۔سکھ یاتری21نومبر کو بھار ت سے خصوصی ٹرین کے ذریعے واہگہ ریلوے سٹیشن پر آئیں گے جبکہ مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں 23نومبر کو ہو گی جس میں ہندو مسیحی اور مسلم رہنمائوں سمیت مختلف سیاسی و سماجی رہنماء بھی شریک ہوں گے۔ سکھ یاتر ی دورہ مکمل کرنے کے بعد 30نومبر کو واپس بھارت جائیں گے ۔