سانحہ 12 مئی سے جڑے 65 مقدمات کی الگ الگ جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 14:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) کراچی میں سانحہ 12 مئی کی تحقیقاتی کیلئے اعلیٰ عدلیہ کے حکم پر سندھ حکومت کی جانب سے بنائی گئی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے سانحہ سے متعلق 65 مقدمات کی تفتیش کیلئے الگ الگ جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں آئندہ دنوں جے آئی ٹی کے مزید اجلاس منعقد ہونگے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کا پہلا باضابطہ اور غیرمعمولی اجلاس کراچی پولیس آفس (کے پی او) میں جے آئی ٹی سربراہ ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان رینجرز، آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سی آئی اے کے نمائندے شریک ہوئے۔

جے آئی ٹی میں کراچی کے تینوں زونز کے ڈی آئی جیز، تمام متعلقہ ایس ایس پیز انویسٹی گیشن اور سانحہ 12 مئی سے متعلق مقدمات کے تفتیشی افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سانحہ 12 مئی کی ابتدائی تحقیقات میں مختلف خامیوں اور کمزوریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جے آئی ٹی نے متفقہ طور پر تمام 65 مقدمات کی از سر نو تفتیش اور تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ کے مطابق جی ای ڈی کے اس غیر معمولی اجلاس میں تمام لوگ اس امر پر متفق ہیں کہ سانحہ 12 مئی سے جوڑے 65 مقدمات کی نئے سرے سے تفتیش اور تحقیقات کیلئے الگ الگ جے آئی ٹیز بنائی جائیں۔