ہائیکورٹ کا میٹرو بس ،اورنج ٹرین منصوبے کیلئے استعمال ہونیوالے گرائونڈز کو اصل حالت میں بحال نہ کرنے پر اظہار برہمی

عدالت نے ڈی جی پی ایچ اے ، ڈی جی ایل ڈی اے ،چیف انجینئر ٹیپا ،نجی کنسٹرکشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کو (آج )طلب کر لیا

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:00

ہائیکورٹ کا میٹرو بس ،اورنج ٹرین منصوبے کیلئے استعمال ہونیوالے گرائونڈز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبے کیلئے استعمال ہونے والے گرائونڈز کو اصل حالت میں بحال نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے ، ڈی جی ایل ڈی اے اور چیف انجینئر ٹیپا سمیت دیگر کو آج (جمعہ ) طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے مقامی وکیل کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود نہ گرائونڈز بحال کیے جا رہے ہیں اور نہ پیسے ادا کیے جا رہے ہیں۔ معزز عدالت سے استدعا ہے کہ گرائونڈز کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی ایل ڈی اے اور چیف انجینئر ٹیپا کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔یونیورسٹی وکیل نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے نہ تو گرائونڈز بحال کیے گئے اور نہ ہی پیسے ادا کیے جا رہے ہیں۔جس پر عدالت نے کہاکہ اگر پیسے ادا نہ کیے گئے تو کنسٹرکشن کمپنیوں کے اکائونٹ سیل کر دیئے جائیں۔عدالت نے زوریز اور حبیب کنسٹرکشن کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کو بھی آج طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔