سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی آئی اے پائلٹس کی پنشنزسے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی

پہلے مطمئن کریں کہ آپ کا کیس 184/3 کے زمرے میں آتا ہے،ریٹائرڈپائلٹس کو اعتراض ہے تومتعلقہ فورم سے رجوع کریں ،ْچیف جسٹس

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:11

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی آئی اے پائلٹس کی پنشنزسے متعلق کیس کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی آئی اے پائلٹس کی پنشنزسے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے پی آئی اے پائلٹس کی پنشنزسے متعلق کیس کی سماعت کی۔وکیل ریٹائرڈ پائلٹس بیرسٹرعمامہ منصورنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پائلٹس کوپنشن ٹرسٹ فنڈزسے ملتی ہے ،ْپی آئی اے نے ٹرسٹ کو فنڈنگ روک دی، پائلٹس کی پنشن کم کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پہلے مطمئن کریں کہ آپ کا کیس 184/3 کے زمرے میں آتا ہے،ریٹائرڈپائلٹس کو اعتراض ہے تومتعلقہ فورم سے رجوع کریں،وکیل ریٹائرڈ پائلٹس نے کہا کہ پائلٹس کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ غریب پنشنرز اورپائلٹس میں فرق کوسمجھیں،بینک ملازمین کو 120 روپے پنشن ملتی تھی،پائلٹس 32 ہزارسے زائدپنشن لے رہے ہیں،پائلٹس کی پنشن کیلئے کوئی قانون موجود نہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ قانون کا حوالہ دیں یاسول عدالت سے رجوع کریں،براہ راست مقدمات سنے توسول عدالتیں غیرموثرہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

وکیل ریٹائرڈ پائلٹس نے کہا کہ عدالت مزید تیاری کیلئے وقت دے،سپریم کورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔