وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان کی بیلٹ اینڈ روڈ وزارتی کانفرنس کے موقع پر آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف سے ملاقات ،

دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:36

وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان کی بیلٹ اینڈ روڈ وزارتی کانفرنس ..
سزہائو/چین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب خان نے چین میں بیلٹ اینڈ روڈ وزارتی کانفرنس کے موقع پر آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پاورڈویژن نے اپنے ہم منصب کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ آذربائیجان سرمایہ کاری اور مشترکہ تعاون سے استفادہ کرے گا۔

آذربائیجان کے وزیر توانائی نے پاکستان کی علاقائی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کاسا 1000 اور تاپی جیسے منصوبوں سمیت پاکستان میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک باہمی فائدے کے لئے تعاون کو فروغ دیں گے۔

(جاری ہے)

بیلٹ اینڈ روڈ وزارتی کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر پاور ڈویژن سے چین کی متعدد ممتاز کمپنیوں کے سربراہوں نے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ پاکستان کے فعال اور تیزی سے ترقی کرتے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے شفافیت، صلاحیت اور مساوی تعاون کے اصولوں پر عمل پیرا رہے گا۔ وزارتی کانفرنس کا اہتمام چین کی حکومت نے 2019ء میں بیلٹ اینڈ روڈ انرجی پارٹنرشپ کے افتتاح کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے کیا۔ یہ شراکت داری تقریباً 90 ممالک کے درمیان ہو گی اور اس سے شراکت دار ممالک میں توانائی کے تحفظ، تنوع اور جدید رجحانات کو متعارف کرانے کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

بیلٹ اینڈ روڈ انرجی وزارتی کانفرنس کے اہم مقررین میں چین کے سٹیٹ قونصلر وانگ یانگ، گیانگ ژو صوبہ کے پارٹی سیکرٹری لوکن جیان اور متعدد ممالک کے وزرائے توانائی شامل تھے۔ کانفرنس میں سینئر سفارتکاروں، توانائی کے شعبہ کی ممتاز کمپنیوں، کاروباری اداروں، بین الاقوامی تنظیموں کے چیف ایگزیکٹو افسران اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :