وزارت مذہبی امور کا 2018ء کے دوران فریضہ حج ادا کرنے والوں کے تجربات اور علم سے مستفید ہونے کے لئے باقاعدہ آگاہی ورکشاپ کے انعقاد کا فیصلہ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزارت مذہبی امور نے 2018ء کے دوران فریضہ حج ادا کرنے والوں کے تجربات اور علم سے مستفید ہونے کے لئے باقاعدہ آگاہی ورکشاپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اس مشاورتی ورکشاپ کے دوران سرکاری اور نجی کوٹہ کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے والوں سے دوران حج پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں آگاہی اور آنے والے حج کے لئے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔

مشاورتی ورکشاپس وفاقی دارالحکومت کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور ملتان میں منعقد کی جائیں گی جن کا آغاز 25 اکتوبر سے ہو گا اور 8 نومبر تک یہ ورکشاپس جاری رہیں گی۔ نظامت حج لاہور میں پہلی مشاورتی ورکشاپ 25 اکتوبر کو ہو گی۔ ورکشاپ ملتان میں 29 اکتوبر، کراچی یکم نومبر، اسلام آباد 5 نومبر، پشاور 6 نومبر اور کوئٹہ میں 8 نومبر کو ہو گی۔