احتساب کورٹ میرپور نے ادارہ ترقیات میرپور کے تین ملازمین کو جعلساری اور دھوکہ دہی ثابت ہونے پر 10 سال قید محض اور 2,50,000/- روپے جرمانہ کی سزاسنا دی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) ترجمان احتساب بیورو کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر احتسا ب کورٹ میرپور کے جج راجہ طارق جاوید نے ادارہ ترقیات میرپور کے تین ملازم ضیاء احمد منہاس، محمد شفیق اور محمد قربان کو جعلساری اور دھوکہ دہی ثابت ہونے پر 10 سال قید محض اور 2,50,000/- روپے جرمانہ کی سزاسنا دی۔

تفصیلات کے مطابق شاکی محمد رفیق ولد فقیر محمد نے چیئرمین احتساب بیورو کو درخواست پیش کی کہ اس نے سیکٹر مجاہد ٹائون فیزII میں پلاٹ نمبر33 بلاکII تعدادی 01 کنال محمد قربان ولد غلام نبی سے 9 2,50,000/- روپے میں خرید کیا۔پلاٹ خریدنے کے بعد معلوم ہوا متذکرہ پلاٹ محمد رشید ولد عطا محمد ساکنہ پنڈی سبھروال کے نام الاٹ ہے اور الاٹی نے پلاٹ کی مد میں رقم بھی جمع کروائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح ملزمان نے جعلسازی اور دھوکہ دہی کرتے ہوئے سائل کو اس کی جمع پونجی سے محروم کر دیا۔احتساب بیورو کی طرف سے شاکی کی درخواست پرتفتیش عمل میںلائی گئی۔دوران تفتیش پایا گیا کہ ملزمان ضیاء احمد منہاس،محمد شفیق،محمد قربان ملازم ادارہ ترقیات میرپور نے جعلی اور بوگس فائل پلاٹ مرتب کرتے ہوئے شاکی کو مبلغ2,50,000/- روپے سے محروم کیا جس پر ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب کورٹ نمبر02 میرپور میں دائر کیا گیا۔

جس پر احتساب کورٹ نمبر02 میرپور کے جج راجہ طارق جاوید نے ملزم محمد شفیق ولد قربان جونیئر کلرک ادارہ ترقیات میرپور کو زیر دفعہ409 APC کے تحت 10 سال قید محض اور مبلغ2,50,000/- روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ملزم محمد قربان ولد غلام نبی قوم جٹ ساکن پرانی آبادی تھوتھال کو دفعاتAPC 471,464,419 کے تحت07 سال سزائے قید محض اور2,50,000/- روپے جرمانہ ،اعانت جرائم کے ارتکاب کی پاداش میں دفعہAPC 109 کے تحت 05 سال سزائے قید محض اور آزاد جموںو کشمیر احتساب ایکٹ2001 کی دفعہ(2)11 کے تحت05 سال قید محض کی سزا سنائی گئی۔

ملزم ضیاء احمد منہاس ولد محمد شفیق منہاس جونیئرکلرک ادارہ ترقیات میرپور کوAPC 409 کے تحت05 سال سزائے قید محض اور زیر دفعہA-11 آزادحموں وکشمیر احتساب ایکٹ2001 کے تحت 10 سال سزائے قید محض کی سزا سنائی گئی۔عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزمان کو مزید06 ماہ قید محض برداشت کر نا ہوگی جبکہ ملزمان محمد شفیق اور ضیا احمد منہاس کو تاحیات کسی سرکاری ملازمت / عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا۔تینوں ملزمان کی سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی۔آزاد جموں وکشمیر احتساب بیورو کی جانب سردار امجد اسلم چیف پراسیکیوٹر کی ہدایت پر چوہدری اورنگزیب ڈپٹی چیف پراسیکیوٹر نے کیس کی پیروی کی جبکہ ملزمان کی جانب سے یونس طاہر ایڈووکیٹ،ارشد ملک ایڈووکیٹ اور راجہ امتیاز ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

متعلقہ عنوان :