سندھ پولیس دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے،

ہمیں اپنی فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے،، مراد علی شاہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار مرکزی رہا ہے،پولیس میں عمل ریفارمز کے نام سے اصلاحات کی جارہی ہیں، وزیراعلی سندھ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:51

سندھ پولیس دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نئی پاس آئوٹ پولیس فورس کو امن کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہیں، فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ سندھ پولیس دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے، ہمیں اپنی فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے، قیام امن میں پولیس اور رینجرز نے اہم کردار ادا کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوبطور مہمان خصوصی شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں ایلیٹ پولیس کے 40 ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ کے موقع پر آئی جی سندھ کلیم امام و دیگر اعلی پولیس افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کراچی کے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں 40 ایلیٹ کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا انعقاد کیاگیا،جس میں148خواتین اہلکار سمیت 600مرد اہلکار ٹریننگ مکمل کرکے پاس آئوٹ ہوئے ۔

پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پہلی بار پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد آیا ہوں مختصراً جو بھی سہولیات جو دیکھیں ان سے بہت خوش ہوا ہوں،760 تربیت یافتہ جوانوں کی شمولیت سے پولیس کی کارکردگی بڑھے گی، اہلکاروں کو دیکھ کر دلی اطمینان ہوا کہ ہماری عوام کی جان و مان کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 210سے زائد پولیس افسر، جوان قوم کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے، شہدا کے باعث سندھ امن وامان کے معاملے میں دیگرصوبوں سے بہترہے۔

وزیراعلی سندھ نے آئی جی سندھ کلیم امام کو کہا کہ تربیت میں دیکھا جائے شہریوں کے درمیان کرمنلز کو کیسے قابو کرنا ہے، شہریوں کو محفوظ رکھتے ہوئے کرمنلز سے نمٹنے کی اہلکاروں کوتربیت دی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں یہ پولیس ٹریننگ سینٹر کا قیام ہوا تھا اور آج تک 50 ہزار سے زائد جوانوں کو تربیت دے چکا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے پاس آئوٹ ہونے اہلکاروں انکے اہل خانہ اور سخت محنت کرنے اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے جوانوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے، ہمیں اپنی فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے، قیام امن میں پولیس اور رینجرز نے اہم کردار ادا کیا، امن و امان کا سہرا سندھ پولیس، رینجرز اور آرمی جوانوں کو جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ سال پہلے پولیس کا مورال بہت ڈان تھا ڈیفنس میں پولیس مقابلے کے دوران معصوم بچی کی قیمتی جان ضائع ہوئی تھی۔

انہوں نیکہا کہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پولیس کا کردار کلیدی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار مرکزی رہا ہے،پولیس میں عمل ریفارمز کے نام سے اصلاحات کی جارہی ہیں اورپولیس اہلکاروں کی تنخواہوں پر بھی نظرثانی کریں گے مزید کوشش کی جارہی ہے پولیس اہلکاروں کے مالی مسائل دورکرناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوشش کررہے ہیں کہ اہلکاروں کے ہتھار تبدیل کردیئے جائیں، جو جوان دہشتگردوں سے لڑرہے ہیں انھیں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ شہید جمہوریت کے نام پر قائم یہ سینٹر سندھ پولیس کے لیے باعث فخر ہے، اس سینٹر کی ہائی کمان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرکے موجودہ وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنااور پولیس اہلکاروں کو اتنی بہترین سہولیات کے ساتھ جدید تربیت فراہم کرنا واقعی ایک قابل قدر کارنامہ ہے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ ہماری حکومت پولیس کی تربیت میں کافی دلچسپی لے رہی ہے اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ حکومت کا بھرپور تعاون شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کو حاصل رہے گا۔

آخر میں انھوں نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام اور شہید بے نظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر کے کمانڈنٹ تنویر عالم اوڈھوکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمان میں اتنی مستعد پولیس فورس تیار ہورہی ہے جو ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔دوسری جانب آئی جی سندھ کلیم امام نے وزیراعلی سے مطالبہ کیا کہ کانسٹیبل کا 5 سے 7 ، ہیڈ کانسٹیبل کا7سے 9 اور اے ایس آئی کاگریڈ9 سے 11گریڈ میں اپگریڈ کردیا جائے گا،حسن ابدال جیسا پولیس کیڈٹ اسکول بنانا چاہتے ہیں، زمین موجود ہے اس پر نظرثانی کی جائے۔

انھوں مزید کہا کہ حال ہی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف بھی کام کیا اور کم کیا گیا، پولیس پر جتنی اچھی محنت ہوگی اتنی ہی اچھی پرفارمنس ہونگی، سندھ پولیس نے دہشتگردی کا زبردست مقابلہ کیا ہے۔دریں اثنا وزیراعلی سندھ نے پاسنگ آئوٹ پریڈ کا معائنہ کیا ، پریڈ میں 760 اہلکار شامل تھے ، پاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں میں 148 خواتین اہلکار سمیت 600 مرد اہلکاروں نے تربیت مکمل کی۔ تقریب میں چاق وچوبند دستے نے مہمان خصوصی کوسلامی پیش کیا اورپاس آئوٹ ہونے والے اہلکاروں نے تربیت کا شاندارعملی مظاہرہ بھی کیا ۔دوران تربیت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں میں میڈلزاورشیلڈزتقسیم کی گئیں۔